لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق

حادثے کے وقت ایک بچے کی سالگرہ کی تقریب جاری تھی کہ اچانک بالائی منزل کی چھت منہدم ہو کر نیچے آگری، جس کے نتیجے میں یکے بعد دیگرے تینوں منزلوں کی چھتیں گرگئیں اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 30 جولائی 2026 11:08

لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی 2026ء) لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں سکھ نہر کے قریب واقع ایک تین منزلہ خستہ حال مکان کی چھت اچانک گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے، افسوسناک حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ حادثہ گزشتہ رات تقریباً 10 بجے پیش آیا، اس وقت مکان میں ایک بچے کی سالگرہ کی تقریب جاری تھی، جس میں اہل خانہ کے علاوہ قریبی رشتہ دار بھی شریک تھے، اچانک بالائی منزل کی چھت منہدم ہو کر نیچے آ گری، جس کے نتیجے میں یکے بعد دیگرے تینوں منزلوں کی چھتیں گرگئیں اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جاں بحق ہونے والوں میں 50 سالہ شاہدہ، 22سالہ احد علی، 12سالہ حسنین، 60 سالہ ثمینہ، 24 سالہ کومل، 23 سالہ مجاہد، 7 سالہ نیلم اور 8 سالہ حماد شامل ہیں، جاں بحق ایک شخص کی شناخت تاحال سامنے نہیں آئی، جب کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، امدادی کارروائی کے دوران بھاری مشینری اور سرچ آلات کی مدد سے ملبہ ہٹایا گیا تاکہ کسی ممکنہ متاثرہ شخص کو بروقت نکالا جا سکے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ دو مرلے پر قائم اس تین منزلہ مکان میں تین بھائی اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پذیر تھے، ان کی بہن بھی اپنے بچوں سمیت سالگرہ کی تقریب میں شریک ہونے کے لیے آئی ہوئی تھی، یہ مکان انتہائی خستہ حال تھا، جس کی چھتیں پرانے طرز کے ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھیں، بارشوں سے بچاؤ کے لیے حال ہی میں سب سے اوپر والی چھت پر اضافی مٹی ڈلوائی گئی تھی، جس سے عمارت پر وزن مزید بڑھ گیا، دوسری منزل کی چھت پہلے گری، جس کے بعد اس کا ملبہ نچلی منزلوں پر آ گرا اور پوری عمارت کا ڈھانچہ زمین بوس ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :