امریکن آئیڈل 2026، سیزن 24 کی فاتح کا اعلان، ہانا ہارپر نے ٹرافی اپنے نام کرلی

بدھ 13 مئی 2026 11:48

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2026ء) امریکا کے مشہور گلوکاری کے مقابلے امریکن آئیڈل کے سیزن 24کے فائنل کی ٹرافی25سالہ ہانا ہارپر نے اپنے نام کرلی۔3گھنٹے طویل اس فائنل میں ہانا ہارپر کا مقابلہ دیگر 2ٹاپ امیدواروں، جورڈن میک کلو اور کیلا رچرڈسن سے تھا، تاہم اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ہانا یہ باوقار ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہیں۔

(جاری ہے)

میزبان ریان سیکرسٹ کی جانب سے جیت کے اعلان کے بعد 3بچوں کی ماں، ہانا ہارپر جذباتی ہو گئیں اور انہوں نے اس لمحے کو ناقابل یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے یہ کوئی خواب ہو۔اپنی جیت پر بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ یہ پورا سفر ان کے لیے سیکھنے کا ایک بہترین عمل رہا جس کیلئے وہ بے حد شکر گزار ہیں۔امریکن آئیڈل کا یہ سیزن نومبر 2025میں شروع ہوا تھا، جس کے مقابلے نیو ول، لاس اینجلس اور ہوائی میں منعقد ہوئے۔ جیت کے اس یادگار موقع پر ہانا کا خاندان بھی اسٹیج پر ان کے ساتھ موجود تھا جو خوشی سے نہال نظر آیا۔