ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عیدالاضحیٰ پر صفائی کیلئے جامع پلان تشکیل

ہفتہ 23 مئی 2026 17:27

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2026ء) ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مثالی صفائی انتظامات کے لیے جامع پلان تشکیل دے دیا۔ ہفتہ کو ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی آپریشنز محمد حیدر، ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ذوالفقار احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راشد محمود، علماء کرام، تاجر برادری اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں عیدالاضحیٰ صفائی پلان اور محرم الحرام انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ شہریوں کو عید کے موقع پر صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جبکہ عوام میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں امن کمیٹی کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ویسٹ بیگز کی فراہمی کے لیے شہر بھر میں خصوصی کیمپس اور فلاور گیٹس قائم کیے جائیں گے جبکہ چونا، فینائل اور فیس ماسک کی فراہمی کے لیے بھی خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

آلائشوں کی بروقت تلفی یقینی بنانے کے لیے خندقوں کی کھدائی اور ڈمپنگ پوائنٹس کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ذوالفقار احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اجتماعی قربان گاہوں پر خصوصی فوکس رکھا جائے گا اور صفائی عملہ و مشینری تعینات کی جائے گی۔ اندرون شہر علاقوں کے لیے خصوصی صفائی پلان بھی تشکیل دے دیا گیا ہے تاکہ گلی محلوں میں فوری آپریشن کیا جا سکے۔