دہشت گردی کے خلاف ہر کامیاب کارروائی قوم کے اعتماد کی عکاس ہے، محمد حنیف عباسی

بدھ 29 جولائی 2026 22:25

دہشت گردی کے خلاف ہر کامیاب کارروائی قوم کے اعتماد کی عکاس ہے، محمد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2026ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرنے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 32 دہشت گردوں کے خاتمے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی انتہائی قابل ستائش ہے، وطن کے محافظوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کا انجام صرف اور صرف شکست ہے۔

(جاری ہے)

محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ہر کامیاب کارروائی قوم کے اعتماد اور سکیورٹی فورسز کے بلند حوصلے کی عکاس ہے، پاکستان کے امن پر حملہ کرنے والے عناصر کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دی جائے گی اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔انہوں نےکہا کہ ہمارے جوان دن رات وطن کے امن کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور پوری قوم ان کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے، دہشت گردوں کے خلاف یہ فیصلہ کن کارروائیاں اس عزم کا اظہار ہیں کہ پاکستان میں امن کے دشمنوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اللہ کے فضل، سکیورٹی فورسز کی جرات اور قوم کے اتحاد سے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں گے۔