المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے تحت ملک بھرمیں اجتماعی قربانی کاسلسلہ عید کے تینوں دن جاری رہا

جمعہ 29 مئی 2026 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2026ء) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام ملک بھرمیںعیدالاضحی کے موقع پراجتماعی قربانیوںکے خصوصی انتظامات کئے گئے ،اجتماعی قربانی کا سلسلہ عید کی صبح سے شروع ہوکر تیسرے روزتک جاری رہامرکزی کیمپ المصطفیٰ ہیڈآفس گلشن اقبال میں لگایا گیا جس کی نگرانی جنرل سیکریٹری المصطفیٰ احمدرضا طیب کررہے تھے۔

المصطفیٰ کے ذمہ داران اوررضاکاروں نے عیدکے تینوںدن کھالیں جمع کی اوروقف قربانی کاگوشت یتیموں،بیواؤں،غربا،مستحقین، ضرورت مندوں،سفید پوش گھرانوں تک پہنچایا۔المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب،صدرالمصطفیٰ ڈاکٹرعبدالرحیم،احمدرضاطیب نے کہاکہ المصطفیٰ کے فلاحی منصوبوںکوکامیابی سے جاری رکھنے میں زکوة،صدقات،عطیات کیساتھ ساتھ قربانی کی کھالوں کابھی بڑاحصہ ہوتاہے ،الحمدللہ اس سال گزشتہ سالوں کی نسبت زیادہ کھالیں جمع ہوئیں جس کیلئے ہم عوام کے دل سے شکرگزارہیں جنہوںنے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پراعتمادکیا،کھالوں کی فروخت سے حاصل رقم فلاحی کاموں میں لگے گی ہزاروں غریب اورضرورت مند مریضوں علاج کیاجائے گا سینکڑوں یتیم اورناداربچوں کی تعلیمی اخراجات پورے ہوں گے۔

(جاری ہے)

المصطفیٰ کے رہنماوں نے اجتماعی قربانی میں حصہ لینے والے مخیرحضرات کے تعاون اور تینوں دن خدمات انجام دینے پر المصطفیٰ کے ذمہ داران اوررضاکاروں کوبھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوںنے اپنی عیدقربان کرکے خدمت خلق میں حصہ ملایا۔ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب،ڈاکٹرعبدالرحیم اوراحمدرضا طیب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ المصطفیٰ کے فلاحی منصوبوں میں اپنے تعاون کاسلسلہ جاری رکھیں تاکہ انسانی خدمت کا یہ مشن جاری وساری رہے ۔