موسم خوشگوار، شہر کے مختلف پارکس اور تفریحی مقامات پر عوام کا غیر معمولی رش

ہفتہ 30 مئی 2026 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2026ء) لاہور کا موسم خوشگوار ہوتے ہی شہر کے مختلف پارکس اور تفریحی مقامات پر عوام کا غیر معمولی رش لگ گیا ۔ گلشن پارک سمیت مختلف پارکس میں شہری اپنے اہلخانہ اور دوستوں کے ہمراہ پہنچے ، بچے رنگ برنگے جھولوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ نوجوان اور بزرگ سرسبز ماحول میں بیٹھ کر خوشگوار موسم کا مزہ لیتے رہے۔

پارکوں میں موجود کئی خاندانوں نے پکنک کا اہتمام کیا۔

(جاری ہے)

گھریلو کھانوں اور عید کے روایتی پکوانوں سے تواضع کی گئی۔ علاوہ ازیں عید کی چھٹیوں اور خوشگوار موسم کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے چڑیا گھر کا بھی رخ کیا جہاں بچے اور بڑے تفریح سے بھرپور لطف اندوز ہوتے رہے ۔ بچے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ چڑیا گھر پہنچ کر مختلف جانوروں اور پرندوں کو دیکھنے میں دلچسپی لیتے رہے ۔ بندر، شیر، ہرن اور رنگ برنگے پرندے بچوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ عید کی تعطیلات میں چڑیا گھر بہترین تفریحی مقام ثابت ہو رہا ہے، جہاں خاندان کے ساتھ خوشگوار وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے۔