کمشنر ملتان کا قلعہ کہنہ قاسم باغ والڈ سٹی بحالی پراجیکٹ کا دورہ ،جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

ہفتہ 4 جولائی 2026 18:42

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2026ء) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ والڈ سٹی بحالی پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کر کے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دم دمہ، نگار خانہ، تاریخی لائبریری، لائبریری کیفے، ریٹیننگ وال، فورٹیفکیشن وال اور لینڈ سکیپنگ ورک کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے پراجیکٹ پر پیش رفت اور مختلف سکیموں کی ٹائم لائنز بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کو سیاحتی و ثقافتی مرکز بنانے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔ تاریخی ورثے کی بحالی کے ساتھ شہریوں اور سیاحوں کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 15 جولائی کو میونسپل لائبریری اور کیفے کو فعال کردیا جائے گا جبکہ عرس حضرت شاہ رکن عالمؒ سے قبل لنگر خانہ اور کرافٹ بازار بھی فعال کیے جائیں۔

(جاری ہے)

عرس زائرین کی سہولت کیلئے پورٹیبل واش رومز سمیت تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تاریخی مقامات کو رات کے اوقات میں خوبصورت روشنیوں سے نمایاں کیا جائے اور تمام سکیموں کو مقررہ جولائی، اگست اور ستمبر کی ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کیا جائے۔

انہوں نے پیڈل کورٹس اور نئی روڈ کیلئے لینڈ ایکوزیشن معاملات کا بھی جائزہ لیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ قاسم گارڈن لینڈ سکیپ اور پبلک سروسز ایریا کا کام مرحلہ وار جاری ہے جبکہ حضرت شاہ رکن عالمؒ اور حضرت بہاؤالدینؒ کے مزارات کے درمیانی ایریا کا کام 15 جولائی 2026 تک مکمل کرلیا جائے گا اور باقی لینڈ سکیپ ایریا ستمبر 2026 تک مکمل ہوگا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نئی فورٹیفائیڈ وال اور ریٹیننگ وال کلاڈنگ کے 3 برج 10 اگست 2026 تک مکمل کیے جائیں گے جبکہ باقی برج لینڈ ایکوزیشن کے بعد مکمل ہوں گے۔ انفراسٹرکچر اور پاتھ ویز کا بقیہ کام دسمبر 2026 تک مکمل ہوگا۔فوڈ سٹریٹ، آؤٹ سائیڈ لینڈ سکیپنگ اور ریٹیننگ وال کا کام 10 اگست 2026 تک مکمل کیا جائے گا جبکہ فوڈ سٹریٹ کی ایک سیمپل شاپ 10 اگست اور باقی دکانیں ستمبر 2026 تک مکمل ہوں گی۔

الیکٹریکل ورک، الیومینیشن، حسین آگاہی روڈ پر انڈر گراؤنڈ HT، LT سسٹم اور اوور ہیڈ سسٹم کے خاتمے کا کام دسمبر 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ دم دمہ میوزیم، ٹاپ روف کیفے اور اوور ہیڈ واٹر ٹینک کی بحالی 10 اگست 2026 تک مکمل ہوگی۔ لنگر خانہ اور اوقاف آفس 15 جولائی 2026 کو حوالے کر دیے جائیں گے جبکہ کورٹ یارڈ کا فنشنگ ورک ستمبر 2026 تک مکمل ہوگا۔

تاریخی لائبریری اور نگار خانہ کی بحالی کا کام بھی 15 جولائی 2026 تک مکمل ہوگا۔مزید بتایا گیا کہ سوئل ریٹینشن سٹرکچر اور ریٹیننگ وال پر کام جاری ہے جو دسمبر 2026 تک مکمل ہوگا۔ قلعہ کہنہ قاسم باغ کیلئے 3 شٹل سروس گاڑیاں موصول ہوچکی ہیں جبکہ مزید 3 گاڑیاں جلد لاہور سے موصول ہوں گی اور عوامی سروس 10 اگست 2026 سے شروع ہوگی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی سڑکوں کی تعمیر کیلئے سیکشن 04 نوٹیفائی ہوچکا ہے جبکہ سیکشن 05 کا لینڈ ایکوزیشن پراسس جاری ہے۔

لینڈ ایکوزیشن کیلئے 164 ملین روپے سٹی ملتان کے اکاؤنٹ میں جمع کروائے جاچکے ہیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے باہمی رابطے سے کام کریں تاکہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کی تاریخی حیثیت کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے بہترین سیاحتی مقام بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :