ضلع نیلم میں انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر

جمعہ 31 جولائی 2026 13:05

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2026ء) ضلع نیلم میں2 اگست 2026 کو ہونے والے انتخابات کے پرامن، شفاف اور منصفانہ انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر؍ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تمام امیدواروں، سیاسی جماعتوں، پولنگ ایجنٹس، اسسٹنٹ پولنگ اسٹیشن عملہ اور ووٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی ضابطۂ اخلاق اور قانون پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

انتخابی عمل کو شفاف اور پرامن بنانے کے لیے تمام سیکورٹی ادارے اور ضلعی انتظامیہ الرٹ ہیں جبکہ ووٹرز سے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔پریس ریلیز کے مطابق پولنگ 2 اگست 2026 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

شام 5 بجے تک پولنگ اسٹیشن کے اندر یا قطار میں موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کا مکمل حق حاصل ہوگا۔

پریس ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام امیدواران، الیکشن ایجنٹس، پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز انتخابی عمل کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھیں، ضابطۂ اخلاق کی پابندی کریں اور منصفانہ و آزادانہ انتخابات کے انعقاد میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ انتخابی مہم اور پولنگ کے دوران کسی بھی قسم کی خلاف ورزی یا بدنظمی برداشت نہیں کی جائے گی۔

پولنگ اسٹیشن کے 400 میٹر کے دائرے میں کسی بھی قسم کی انتخابی مہم، ووٹرز کو متاثر کرنے کی کوشش یا انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی قانوناً ممنوع ہوگی۔پولنگ اسٹیشن کے اندر یا باہر انتخابی بینرز،جھنڈے، پوسٹرز، بیجز، پمفلٹس یا تشہیری مواد آویزاں یا تقسیم نہیں کیا جا سکے گا۔ پولنگ ایجنٹس اپنے اصل قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں گے۔امیدوار، ایجنٹس اور ووٹرز انتخابی عمل کے دوران اسلحہ یا کوئی بھی خطرناک سامان ساتھ نہیں لا سکیں گے۔

پولنگ اسٹیشن میں صرف ووٹرز، مجاز پولنگ ایجنٹس، انتخابی عملہ اور متعلقہ حکام کو داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ؍ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ضلع نیلم نے عوام، امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور انتخابی عملے سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن ماحول برقرار رکھنے، قانون کی پاسداری کرنے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ انتخابی حکام یا انتظامیہ کو دیں تاکہ انتخابات آزاد، منصفانہ، شفاف اور پرامن ماحول میں کامیابی سے مکمل کیے جا سکیں۔