پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام پینٹ انڈسٹری پر سیمینار

بدھ 30 ستمبر 2026 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام ’پینٹ انڈسٹری: طریقہ کار، مصنوعات اور عملی اطلاق-‘ کے موضوع پر ایک خصوصی لیکچر کا انعقاد کیا۔ اپنے خطاب میں ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سید نادر حسین نے سابق طالب علم کا خیرمقدم کیا اورانسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی بیچ 1964ء سے تعلق رکھنے والے انجینئر احمد آصف مرزا کا طلبہ سے تعارف کرایا۔

انہوں نے پینٹ اور سطحی کوٹنگز کی صنعت میں انجینئر مرزا کے پیشہ ورانہ کیریئر اور خدمات کو اجاگر کیا اور اپنے مادرِ علمی سے ان کے مسلسل تعلق اور تعاون کو سراہا۔ طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر احمد آصف مرزا نے صنعتی شعبے میں اپنے وسیع تجربات بیان کیے اور پینٹ کی تیاری، خام مال، مصنوعات، ان کے استعمالات اور پینٹ انڈسٹری میں کیمیکل انجینئرز کے کردار کے حوالے سے عملی معلومات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پینٹ انڈسٹری میں اسٹارٹ اپس اور کاروباری سرگرمیوںکے فروغ پر زور دیا، خصوصاً مقامی مہارت اور جدت طرازی کے ذریعے۔ انہوں نے سماجی ذمہ داری اور اپنی مادرِ علمی کوخدمات واپس دینے کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے سابق طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے اداروں کے فائدے کے لیے اپنے علم اور تجربات سے استفادہ کرائیں۔ اس موقع پر اساتذہ اور کیمیکل انجینئرنگ کے مختلف سمسٹرز کے طلبہ بھی موجود تھے۔بعد ازاںڈائریکٹر آئی سی ای ٹی نے انجینئر احمد آصف مرزا کو یادگاری سوونیئر پیش کیا۔