پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے زیر اہتمام عالمی یومِ سیاحت 2026 پر خصوصی تقریب

بدھ 30 ستمبر 2026 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز شعبہ ٹورازم اینڈہاسپیٹیلٹی مینجمنٹ کے زیرِ اہتمام عالمی ’یومِ سیاحت 2026 ‘کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈیجیٹل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کی جدید سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے میں اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب میں طلبہ و طالبات نے مختلف تخلیقی سرگرمیوں، اسکیٹس اور پریزنٹیشنز کے ذریعے جدید سیاحت و مہمان نوازی میں مصنوعی ذہانت کے کردار، اس کے فوائد، ممکنہ چیلنجز اور مستقبل کے امکانات کو اجاگر کیا۔اس موقع پرپنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ ،ڈیپارٹمنٹ آف ٹورسٹک سروسز کے افسران و نمائندگان اور ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے نمائندگان نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے میں نئی جہتیں متعارف کرا رہی ہیں، جبکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ تعلیم اور تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔شرکاء نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شعبہ ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلٹی مینجمنٹ سیاحت کے شعبے میں جدید تعلیم،تحقیق اور عملی تربیت کے فروغ کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔