ایرانی میزائل پروگرام کے بارے میں مغربی ملکوں کے اقدامات اور بیانات محض پروپیگنڈہ ہیں، ڈاکٹر علی لاریجانی

اتوار 3 اپریل 2016 11:36

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 3اپریل۔2016ء) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے عید نوروز کی مناسبت سے پارلیمنٹ کے کارکنوں سے خطاب کے دوران کہا کہ ایران کے میزائلی پروگرام کے بارے میں مغربی ملکوں کے اقدامات اور بیانات محض پروپیگنڈہ ہیں اور ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے جتنے بھی بیلسٹک میزائل تیار کئے ہیں ان میں کوئی بھی ایٹمی وارہیڈ لے جانے کے لئے تیار نہیں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے مزیدکہاکہ مغربی ملکوں کے ہنگامے اور دعوے اس بات کو ثابت کرتے ہیں کہ مغرب اب کسی نئے بہانے کی تلاش میں ہے ۔ ڈاکٹر لاریجانی کا کہنا تھا کہ اس بات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ جن ملکوں نے اس سے پہلے اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی وپیشرفت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی تھیں ممکن ہے کہ اب وہ دوسرے راستے سے ایک بار پھر رکاوٹیں کھڑی کرنے اور پابندیاں عائد کرنے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ان کے اقدامات پر نظر رکھنے اور ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔