جیکب آباد،60سالہ بوڑھے شخص کی 10سالہ بچی سے شادی

پولیس نے بوڑھے دولہا کو گرفتار کرلیا ،مولوی اور والد فرار دولہا، مولوی اور بچی کے والد سمیت 10افراد کیخلاف مقدمہ درج

اتوار 5 جون 2016 11:04

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5جون۔2016ء) جیکب آباد میں 60سالہ بوڑھے شخص کی 10سالہ بچی سے شادی، پولیس نے بوڑھے دولہا کو گرفتار کرلیا ،مولوی اور والد فرار، دولہا، مولوی اور بچی کے والد سمیت 10افراد کے خلاف مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے بی سیکشن تھانہ کی حدود قصبہ نصیر سمیجو میں 60سالہ بوڑھے شخص کرم علی پہوڑ کی 10سالہ بچی گل ناز کے ساتھ ساڑھے چار لاکھ روپے کے عوض شادی کرائی گئی ،ایسی اطلاع ملنے پر حدود کی بی سیکشن پولیس کے ایس ایچ او بشیر احمد کھوکھر نے چھاپہ مارکر بچی کو بازیاب کرکے 60سالہ بوڑھے دولہا کرم علی پہوڑ کو گرفتار کرلیاہے جبکہ بچی کی پیسوں کے عوض شادی کرانے والا ظالم باپ گل حسن پہوڑ اور مولوی محمد امین پہوڑ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں، پولیس نے گرفتار بوڑھے شخص اور بچی کو ٹھل کی سول کورٹ میں پیش کیا جہاں پر سول کورٹ نے بچی کی میڈیکل رپورٹ کرانے اور گرفتار شخص کو 5دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے، حدود کی بی سیکشن پولیس کے ایس ایچ او بشیر احمد کھوکھر کے مطابق ہمیں اطلاع ملی کہ ایک معصوم بچی کو پیسوں کے عوض بوڑھے شخص کو فروخت کرکے شادی کرائی گئی جس پر ہم نے کاروائی کرکے بوڑھے شخص کو گرفتار کرلیا ہے اور بچی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے تاہم بچی کے والدگل حسن پہوڑ اور نکاح پڑھانے والے مولوی محمد امین پہوڑ کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا، حدود کے تھانہ پر بوڑھے دولہے ، بچی کے والد ، مولوی اور 7نامعلوم افراد سمیت 10کے خلاف سرکاری مدعیت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جیکب آباد میں کم عمر بچی کی بوڑھے شخص کے ساتھ شادی کے واقعے کا سیکریٹری وومین ڈولپمنٹ کراچی اعجاز منگی نے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر وومن خالدہ سومرو کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔