بھارتی اداکار مکیش راول ٹرین کی زد میں آکرہلاک

پولیس نے اداکار کی موت کو خود کشی قرار دیا ہے جسے خاندان نے تسلیم کرنے سے انکار کردیا

جمعرات 17 نومبر 2016 10:51

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17نومبر۔2016ء) بھارتی ٹی وی کے لیجنڈری اداکار مکیش راول کاندی والی ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کی زد میں آکرہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹی وی اداکار مکیش راول نے کئی ڈرامہ سیریل میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور گجرات کے صف اول کے اداکاروں میں ان کا شمار ہوتا ہے جب کہ انہوں نے ڈرامہ سیریل ”رامائن“ سے شہرت حاصل کی لیکن اب اداکار مکیش راول کی اچانک موت نے انڈسٹری سمیت مداحوں کو سوگ میں مبتلا کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار مکیش راول گھر سے ذاتی کام کے لیے نکلے تھے کہ ممبئی کے کاندی والی ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے اداکار کی موت کو خود کشی قرار دیتے ہوئے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی لیکن خاندان کی جانب سے ان خودکشی کے امکان کو مسترد کردیا گیا ہے جس کے بعد پولیس نے ان کی ہلاکت کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔