ہاشم آملہ کی سربراہی میں پوری ٹیم اور انتظامیہ کا ڈوپلیسی کے ساتھ یک جہتی کا اظہار

یہ اپریل نہیں ہے،بال ٹیمپرنگ کا الزام مضحکہ خیز ہے: ہاشم آملہ کچھ ہوا اس میں ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا، فیف ڈوپلیسی نے قطعاً کوئی غلط کام نہیں کیا، کپتان

ہفتہ 19 نومبر 2016 11:02

جوہانسبرگ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19نومبر۔2016ء )جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم نے کپتان فف ڈوپلیسی کے خلاف بال ٹیمپرنگ کے الزام کو 'مضحکہ خیز' اور 'ایک مذاق' قرار دے دیا۔ جنوبی افریقہ کے تجربہ بلے باز ہاشم آملہ کی سربراہی میں پوری ٹیم اور ٹیم انتظامیہ نے فف ڈوپلیسی کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا۔فف ڈوپلیسی ساتھی کھلاڑیوں کیساتھ موجود تھے لیکن کسی سوال کا جواب نہیں دیا جبکہ ہاشم آملہ نے غیرمعمولی طریقے سے تقریر کے انداز میں گفتگو کی۔

ہاشم آملہ نے کہا کہ 'جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ہماری پوری ٹیم یہاں پر موجود ہے اور اس کا مقصد جس کو ہم ایک مذاق سمجھتے ہیں اس کے خلاف یک جہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہے'۔ان کا کہنا تھا کہ 'یہ اپریل نہیں ہے! فف ڈوپلیسی کے خلاف الزامات ہمارے لیے مکمل طورپر ایک مضحکہ خیز چیز ہے اور ہم بطور ٹیم متحد ہیں اور ہمارے لیے بنیادی طور پر یہ ایک مذاق ہے'۔

(جاری ہے)

ہاشم آملہ جس وقت بال ٹیمپرنگ کے تنازع پر گفتگو کررہے تھے اس وقت وہ آئی سی سی کی جانب سے فوٹیج کی جانچ کے حوالے سے لاعلم تھے۔آئی سی سی کے کی تفتیش پر پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ 'جو کچھ ہوا اس میں ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور فف ڈوپلیسی نے قطعاً کوئی غلط کام نہیں کیا'۔جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کی جانب سے میدان میں چیونگم اور میٹھی چیزیں کھانے پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'میں فیلڈنگ کے دوران ببل گم چباتا ہوں، اس حوالے سے آپ کو منطق کا سہارا لینا پڑے گا اور سمجھ داری کو ہرصورت غالب ہونا چاہیے'۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے بے خبر تھے کہ ریورس سوئنگ کی خاطر گیند کوچمکانے کے لیے کسی میٹھی چیز کا استعمال ہوا ہے، یہ ہمارے لیے نئی چیز ہے کیونکہ میں ببل گم سمیت دیگر میٹھی چیزیں کھاتا ہوں اور میرا نہیں خیال کہ یہ کوئی بڑا مسئلہ ہوگا۔ہاشم آملہ نے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ 'میں صرف یہ واضح کرنے کی کوشش کررہا ہوں کہ اس کو ہم اپنے کپتان کے خلاف مکمل طورپرغلط الزام سمجھتے ہیں، ہم اپنے کپتان کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے کھڑے ہیں جنھوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا'۔

واضح رہے کہ ہاشم آملہ کی گفتگو کے کم وبیش دو گھنٹے بعد فف ڈوپلیسی کو غلطی کا مرتکب قرار دیا گیا جبکہ جنوبی افریقی ٹیم اپنے قانونی مشیر سے بات چیت کی منتظر ہے۔فف ڈوپلیسی کو الزام درست ثابت ہونے پر ایک ٹیسٹ میچ سے معطل کیا جاسکتا ہے۔جنوبی افریقہ نے ہوبارٹ میں کھیلے گئے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو اننگز اور 80 رنز سے شکست دے کر میچ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی جیت لی تھی لیکن اس میچ کے چوتھے دن کی ایک فوٹیج منظر عام پر آئی جس میں ڈو پلیسی کو منٹ والی ٹافی کھاتے ہوئے گیند کو چمکاتے دیکھا جا سکتا ہے۔