Maghroor Bhindi - Article No. 2132

Maghroor Bhindi

مغرور بھنڈی - تحریر نمبر 2132

آپ بھنڈی کے ساتھ آلو ڈال بھی دیں تو آپ کو کھانے میں مزہ نہیں آئے گا،کیونکہ آلو ساری سبزیوں کا دوست ہے اور بھنڈی کو کوئی خاص پسند نہیں کرتا

منگل 7 دسمبر 2021

اقراء گل،کراچی
گئے وقتوں کی بات ہے۔گرمی شروع ہو چکی تھی اور شدت سے بڑھ رہی تھی۔ہر انسان گرمی میں پسینے سے شرابور ہو رہا تھا اور یہی حال سبزیوں کا بھی تھا۔گاؤں میں بہت سے کھیت تھے۔ان کھیتوں میں کچھ سبزیاں اُگی ہوئی تھیں۔اچانک کسی کے چیخنے کی آواز آئی۔ڈر کے مارے آلو میاں،لیمو،ٹماٹر،بینگن،کدو اور مرچیں اکٹھے ہو کر ایک ساتھ آواز کی طرف دیکھنے لگے۔
انھیں پتا تھا کہ یہ آواز مغرور بھنڈی کی ہے۔اسی وقت کھیت سے ایک لمبی اور اسمارٹ سی بھنڈی آ نکلی:”ہائے ہائے!کتنی گرمی ہے اور کتنی تیز دھوپ چمک رہی ہے،ارے ہٹو ہٹو یہاں سے آلو!ہر وقت آ کے کھڑے ہو جاتے ہو سر پر،اوپر سے اتنے موٹے موٹے ہو کہ بس۔ارے میری طرح اسمارٹ رہا کرو، خوبصورت رہا کرو۔

(جاری ہے)

ارے ہاں،میں تو بھول ہی گئی خوبصورتی تو تم لوگوں کو چھو کے بھی نہیں گزری۔

خاص طور پر آلو میاں!تم کتنے گندے رہتے ہو اور کتنے موٹے ہو اور تمہیں کھانے والا بھی موٹا ہو جاتا ہے۔“
ان ساری باتوں سے آلو کا دل بہت دکھا۔آلو دل کا اچھا تھا۔وہ ہمیشہ اس کی باتوں کو نظر انداز کرتا اور وہ بھنڈی کو کچھ نہیں کہتا تھا۔یہ بات ساری سبزیوں کو پتا تھی۔بھنڈی بہت مغرور تھی۔وہ ہمیشہ اپنے آپ کو خوبصورت سمجھتی تھی۔وہ ساری سبزیاں بھنڈی کو پسند نہیں کرتی تھیں، جب کہ سب آلو کو پسند کرتی تھیں۔
بھنڈی کو یہ بات بہت بُری لگتی تھی۔اسے آلو سے بہت چڑ تھی۔ایک دن آلو نے ساری سبزیوں سے کہا کہ بھنڈی سے میری صلاح کرا دیں۔وہ سب بھنڈی کی طرف چل پڑے۔جب بھنڈی کو یہ پتا چلا تو بھنڈی نے ساری سبزیوں کو کھری کھری سنائی اور خوب بے عزتی کی۔
آلو کو اس کے موٹے ہونے کا طعنہ دیا،جس سے آلو میاں کا دل ٹوٹ گیا اور بھنڈی کو بہت بُری بد دعا دی۔آپ لوگوں نے تو مشاہدہ کیا ہی ہو گا کہ اکثر جب آپ لوگ بھنڈی پکاتے ہیں اسے اکیلا یا صرف گوشت کے ساتھ پکاتے ہیں۔
بھنڈی کے علاوہ کچھ اور سبزی بناتے ہیں تو آپ اس میں آلو ڈالتے ہوں گے۔جیسے کہ آلو مٹر،آلو پالک،آلو گوبھی،آلو ٹماٹر،آلو مرچیں اور بھی بہت سی سبزیاں ہیں جو آلو کے ساتھ اچھی لگتی ہیں۔اگر آپ بھنڈی کے ساتھ آلو ڈال بھی دیں تو آپ کو کھانے میں مزہ نہیں آئے گا،کیونکہ آلو ساری سبزیوں کا دوست ہے اور بھنڈی کو کوئی خاص پسند نہیں کرتا۔یہ ہے مغرور بھنڈی کا انجام۔یقینا میری طرح آپ کو بھی آلو بہت پسند ہو گا۔

Browse More Moral Stories