Fun Land Aik Jaadoi Duniya - Article No. 1833

Fun Land Aik Jaadoi Duniya

فن لینڈ ایک جادوئی دنیا - تحریر نمبر 1833

پچپن لاکھ کی آبادی پر مشتمل چھوٹا سا ملک فن لینڈ،دنیا میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے

جمعہ 6 نومبر 2020

پچپن لاکھ کی آبادی پر مشتمل چھوٹا سا ملک فن لینڈ،دنیا میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔یہ براعظم یورپ کے شمال میں واقع ہے۔اس کے دارالحکومت کا نام ہیلسنکی (Helsinki) ہے۔میرے دسویں جماعت کے امتحان کا نتیجہ نکلا۔دو ہفتے کی تعطیلات ہوئیں۔جب والد صاحب سے معلوم ہوا کہ ہم یہ چھٹیاں فن لینڈ میں گزاریں گے تو میری خوشی کی انتہا نہ رہی۔
ہم اتوار کی صبح ہیلسنکی وانٹا ایئر پورٹ پر اُترے۔
موسم خاصا سرد تھا۔فن لینڈ میں سورج اپنا چہرہ شاذونادر ہی دکھاتا ہے۔والد صاحب کے دوست عرفان صاحب ہمارے استقبال کے لئے ایئر پورٹ پر موجود تھے۔وہ ہمارے میزبان بھی تھے اور گائیڈ بھی۔وہ پچھلے آٹھ سالوں سے فن لینڈ میں مقیم تھے۔ایئر پورٹ سے ہوٹل کی طرف سفر میں انھوں نے ہمیں بتایا کہ فن لینڈ اگرچہ ایک چھوٹا سا ملک ہے،مگر اپنے اعلیٰ تعلیمی معیار کی وجہ سے دنیا میں اول نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

یہاں سب سے زیادہ کتابیں پڑھی جاتی ہیں ۔یہاں کے طریقہ تعلیم کو دیکھ کر دیگر ممالک اپنی تعلیمی پالیسیوں کی سمت متعین کرتے ہیں۔ہم ہوٹل’اسکینڈیک گرانڈ مرینا‘ (Scandic Grand Marina) پہنچے۔ استقبالیہ پر ضروری معلومات کے اندراج کے بعد کچھ دیر آرام کرنے کی نیت سے ہم سب اپنے کمروں میں چلے گئے۔ شام کی چائے پر عرفان صاحب اور ان کی اہلیہ سے دوبارہ ملاقات ہوئی ،جنھوں نے ہمیں بتایا کہ فن لینڈ کو مسلسل تیسرے سال دنیا کا سب سے خوش رہنے والا ملک قرار دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سالانہ ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ (World Happiness Report) 2018،2019اور 2020میں فن لینڈ سرفہرست رہا۔ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ کے ذریعے جانچا جاتا ہے کہ کون سی چیز لوگوں کو خوش رکھتی ہے اور شہریوں کی فلاح کے لئے کن چیزوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔اب رات کا وقت ہو چلا تھا اسی لئے ہم سفر کی تھکن مٹانے اپنے اپنے کمروں میں جا سوئے۔
ہیلسنکی کی گلیوں بازاروں میں گھومتے ہوئے عرفان صاحب نے ہمیں بتایا کہ فن لینڈ صاف ترین ہوا والے ممالک کی صف میں اول درجہ رکھتا ہے۔
سر سبز گھنے درختوں نے اسے حصار میں لیا ہوا ہے۔کسی بھی یورپی ملک کے مقابلے میں یہاں سب سے زیادہ جنگلات پائے جاتے ہیں۔یہاں دنیا کا گیارہواں بڑا سر سبز علاقہ ہے۔ملک کی فضا میں کثافت کو کم سے کم کرنے میں حکومتی سطح پر ایک اہم اقدام 2025ء کا منصوبہ بھی ہے،جس میں ٹرانسپورٹ کا معیاری نظام تشکیل دے کر موٹر گاڑیوں سے پاک کروانا شامل ہے۔جس کے لئے 2400 کلو میٹر لمبی سڑک سائیکل کے لئے بنائی گئی ہے،کاربن کی کثافت کو کم کرکے ماحول کو صاف رکھنا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔
پانی،ہوا اور سورج کی روشنی سے بجلی بنانے کے لئے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔زراعت کے فاضل مادے سے بائیو گیس بنتی یہ۔ہیلسنکی کے پاس ہی ”سومالینا“نامی قلعہ واقع ہے۔سومالینا سے مراد ”فن لینڈ کا قلعہ“ہے،جو اٹھارویں صدی میں روسی اور اطالوی حملہ آوروں سے بچنے کے لئے بنایا گیا تھا۔
شام ہوئی،پھر رات چھانے لگی۔ہمیں بتایا گیا کہ فن لینڈ ناکارہ اشیاء کو کارآمد بنانے میں بھی ممتاز ہے۔
ہوٹل کی طرف واپسی کے سفر میں،میں اپنے ذہن میں ان تمام اشیاء کے ہیولے بنانے لگا جو ناکارہ سے کارآمد کی صورت میں ڈھالی گئی تھیں۔عرفان صاحب نے ہم سے وعدہ کیا کہ اگلی بار جب ہم فن لینڈ آئیں گے تو وہ قرب وجوار کے علاقوں میں بھی لے جائیں گے۔یوں ہم سہانی یادیں سمیٹے اپنے پیارے وطن واپس آگئے۔
کلپسجاروی کی سیر
برف میں چلنے والی بائیکوں کی پر لطف سواری۔

برف سے ڈھکے راستوں کو طے کرنا۔
برفانی ریچھ کو قریب سے دیکھنے کا موقع۔
فن لینڈ کے چند قابل دید مقامات
اول نکا(Oulanka) نیشنل پارک۔
تیزی سے بہتے آبشاروں اور دریا میں کشتی رانی قدرتی جنگل۔
پہاڑ۔
پومالا(Puumala) وائلڈ کروز
طے شدہ ٹورز۔
سائنسدانوں کے ساتھ نباتات کی واقفیت۔
جنگلی جانوروں کا قریب سے مشاہدہ۔
جنگل میں پائے جانے والے پھل اورسبزیوں کے پکوان۔
سی لیپ لینڈ(Sea Lapland)
رینڈیئرز کے غول کو قریب سے دیکھنا۔
برف گاڑی میں برف سے ڈھکے جنگلات کی سیر۔

Browse More Mutafariq Mazameen