Kitchen Ki Seer - Article No. 1852

Kitchen Ki Seer

کچن کی سیر - تحریر نمبر 1852

یقینا آپ یہی سوچ رہے ہوں گے کہ کچن کی بھی بھلا کوئی سیر ہوتی ہے

جمعرات 17 دسمبر 2020

انجم حسن
تو بچو!آج میں آپ کو اپنے کچن کی سیر کراوٴں گی۔کچن یعنی باورچی خانے کی سیر؟یقینا آپ یہی سوچ رہے ہوں گے کہ کچن کی بھی بھلا کوئی سیر ہوتی ہے۔وہ تو ہر گھر میں ہوتا ہے۔بالکل ٹھیک،لیکن میرا کچن ہر گھر کے کچن سے ذرا مختلف ہے،کیونکہ میں ایک شیف (Chef) یعنی کھانے پکانے کی ماہر ہوں۔یہ میں آپ کو بعد میں بتاؤں گی کہ شیف کا کام کیا ہوتا ہے اور شیف بنتے کیسے ہیں۔
ابھی کچن میں چلتے ہیں۔ذرا ٹہرئیے!ہمیں کچن میں داخل ہونے سے پہلے چند احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔آپ سب کو ایک ایپرن (Apron) پہننا ہو گا اور سر پر کپڑے کی ایک ٹوپی پہننی ہو گی،پھر کچن میں کام کرنے سے پہلے اپنے ہاتھ اچھی طرح دھونے ہوں گے۔
یہ سب تدابیر اس لئے ضروری ہیں،تاکہ کھانے میں کہیں جراثیم نہ شامل ہو جائیں۔

(جاری ہے)

اس طرح ہم بیمار ہونے سے بچ سکیں گے۔

جراثیم کی منتقلی کو روکنے کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ ہمارے کٹنگ بورڈ (Cutting Board) الگ الگ ہوں۔
اور ہاں!سب سے اہم چیز جو ہر کچن میں ہونا ضروری ہے،وہ ہے آگ بجھانے والا آلہ،جسے ہم فائر ایکسٹنگوشر (Fire extingusher) بھی کہتے ہیں۔
ایک شیف کے لئے دن کا آغاز سویرے ہی ہو جاتا ہے۔ہر دن مختلف مسائل لے کر آتا ہے۔ہمارے کچن میں عام کچن کی طرح صبح کا ناشتا اور دوپہر اور رات کا کھانا نہیں بنتا،بلکہ ہم لوگوں کی فرمائش کے مطابق کام کرتے ہیں۔
کبھی تو دوسروں تک کھانا پہنچانے میں اتنے مصروف ہو جاتے ہیں کہ خود کھانے کا ہوش نہیں رہتا۔جب لوگ ہمارے کھانے کی تعریف کرتے ہیں تو لگتا ہے کہ سب محنت وصول ہو گئی،لیکن یہ بھی ضروری نہیں کہ ہر بار تعریف ہی ہو۔تنقید بھی ضروری ہے،تاکہ ہم اپنے کام کو اور بہتر کر سکیں۔
شیف ہونے کی حیثیت سے یہ لازم ہے کہ ہم ضروری چیزوں کا انتظام کھانے کی تیاری سے پہلے ہی کرلیں،یعنی جو چیزیں کھانا پکانے کے دوران ہمیں درکار ہیں،وہ پہلے ہی خرید کر رکھ لیں۔
وقت کی پابندی کرنا بھی ہمارے کام کا اہم حصہ ہے۔لوگ ہم سے توقع رکھتے ہیں کہ ان کو کھانا وقت پر ملے گا،تاکہ مہمانوں کے سامنے ان کو شرمندگی نہ اُٹھانی پڑے۔ہمارے گاہک کی خوشی ہی ہماری کامیابی ہے۔
شیف بن کر یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ کس انداز سے کام کرنا چاہتے ہیں۔آپ کسی ہوٹل یا ریسٹورانٹ میں کام کر سکتے ہیں یا اپنا کچن خود بنا سکتے ہیں۔جیسے کہ میں کر رہی ہوں۔یہ کام آپ گھر بیٹھے بھی آسانی سے کر سکتے ہیں اور دوسروں کو مختلف کھانے پکانا بھی سکھا سکتے ہیں۔
اور ایک بات یاد رہے کہ یہ پیشہ لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے لئے یکساں مفید ہے۔
تو بچو!مجھے اُمید ہے کہ آپ کو میرے ساتھ یہ دن گزار کر مزہ آیا ہوگا۔

Browse More Mutafariq Mazameen