Yeh Hai Pakistan - Article No. 1258

Yeh Hai Pakistan

یہ ہے پاکستان - تحریر نمبر 1258

کراچی روشنیوں کا شہر ہے ۔یہاں خوبصورت ساحل سمندر اور کئی تفریح گا ہیں ہیں ۔ان دلکش تفریحی مقامات میں سے ایک سفاری پارک بھی ہے

منگل 25 دسمبر 2018

قدرتی حسن سے مالا مال سفاری پارک کی پہاڑیوں اس کی دلکشی کا باعث ہیں ۔انتظامیہ نے عوام کے لئے مختلف تفریحی سہولتوں کا انتظام کرکے اس کی خوبصورتی میں اضافہ کردیا ہے ۔سفاری پارک میں کئی ممالک سے آئے ہوئے جانوروں سے رونق بڑھ گئی ہے ۔چھوٹے بچوں کے لیے جھولے اور بڑوں کے لئے خوش گوار ماحول میں صاف سُتھری جگہ پر بیٹھنے کا انتظام اور نوجوانوں کے لئے مہم جوئی سے بھر پور کھیلوں کے انتظامات ہونے کے بعد عوام کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے ۔


کراچی میں تفریح کے ذرائع بہت کم ہیں ۔اس لیے سفاری پارک ایک اہم تفریحی پارک کی حیثیت اختیار کرچکا ہے ۔سفاری پارک یونیورسٹی روڈ پر گلستان جو ہر کے علاقے میں واقع ہے ۔اس پارک کے تین اطراف گلشن اقبال کا علاقہ ہے جبکہ ایک طرف کراچی یونیورسٹی اور صفورہ گوٹھ واقع ہیں ۔

(جاری ہے)

سفاری پارک اس وقت دو حصوں میں تقسیم ہے ۔ایک حصہ وہ جو عام پبلک کے لیے ہے اور دوسرا و ہ جوعام نگاہوں سے پس پردہ ہے ۔


سفاری پارک کے گیٹ پر نشان کے طور پر ہاتھی کا سنگی مجسمہ نصب ہے۔گیٹ سے داخل ہونے کے بعد پارک نظر آئے گا۔یہاں بچوں کے لیے مختلف اقسام کے جھولے نصب ہیں ۔اس سے منسلک سفاری کینٹین اور استقبالیہ بھی ہے ۔بچوں کے پارک کے ساتھ ایک جھیل بنی ہوئی ہے جس میں ایک خوبصورت پگوڈاتعمیر ہے ۔اس کے اردگرد جھیل میں بطخیں کثیر تعداد میں نظر آتی ہیں ۔

جھیل کے اردگرد سبزہ نظر آتا ہے جہاں آنے والے گروپ کی شکل میں بیٹھے گپ شپ لگاتے اور کھاتے پیتے نظر آتے ہیں ۔یہاں خاصی تعداد میں درخت بھی ہیں ۔درختوں پر پرندوں کی چہچہاہٹ ،تازہ ہوا سکون بخشتی ہے ۔کبھی کبھی جھیل سے اٹھنے والی بطخوں کی آوازیں لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالیتی ہیں ۔جھیل سے آگے بڑھیں تو پتھروں سے بنی ہوئی سیڑھیاں اتنا اوپر تک جاتی ہیں کہ لوگ باآسانی سفاری پارک کے اردگرد کاجائزہ لے سکتے ہیں ۔

سفاری پارک کے راستے پتھر کی سیڑھیوں سے یا پتھروں سے بنے ہیں ۔اس راستے میں کچھ پنجرے ملتے ہیں جن میں مور اور کچھ دیگر پر ندے نظر آتے ہیں ۔اس کے ساتھ ایک لمبا پنجرہ ہے جس کے اندر کچھ ہرن نظر آتے ہیں ۔یہاں سے راستہ گھوم کردوسری پہاڑی پر چلا جاتا ہے ۔ان دونوں حصوں کے درمیان ایک لمبی کھائی ہے جو مٹی اور جھاڑیوں سے بھری ملتی ہے ۔دوسرا پہاڑی نماحصہ مکمل پارک ہے ۔
اس کی بلندی تک گاڑی سمیت جا سکتے ہیں ۔اس بلندی پر بھی پتھروں سے مختلف سیڑھیاں بنائی گئی ہیں ،ان پر چڑھ کر مزید اوپر بھی جا سکتے ہیں ۔
یہاں مصنوعی جھرنا نظر آتا ہے مگر یہ خاموش ہے ! بلندی پر پہنچ کر چند سیڑھیاں اور طے کریں تو ایک چبوتر ے سے کراچی کے اردگرد کا جائزہ لیا جا سکتا ہے ۔ایک طرف کراچی اےئرپورٹ اور اس کے ہینگر نظر آتے ہیں تو دوسری طرف عمارتوں کا طویل سلسلہ نظر آتا ہے ۔
ایک طرف گلستان جو ہر اور کراچی یونیورسٹی نظر آتی ہے ۔دوسری طرف گلشن اقبال،ایک طرف راشد منہاس روڈ سے اےئر پورٹ تک کے مناظر سامنے نظر آجاتے ہیں ۔دور درازکی بعض بلند وبالا عمارات بھی نظر آتی ہیں ۔
سفاری پارک کا ایک حصہ عام افراد کی نظروں سے اوجھل ہے ۔یہ وہ حصہ ہے جہاں جانوروں کو آزاد چھوڑا گیا ہے جس میں مختلف اقسام کے ہرن ،نیل گائے گھومتی نظر آتی ہیں ۔
یہ چار انکلوژر پر مشتمل ہے ۔اس حصے میں کئی غزال بھی ہیں جن کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔شروع میں یہاں چھ نیل گائے تھیں جن کی تعداد اب کئی گنا بڑھ چکی ہے۔یہاں چیتل ،کالا ہرن ،امریکی سرخ ہرن ،جاپانی ہرن ،امریکی فیلو ہرن ،سفید فیلوہرن ،یورپی بھیڑیں ،غزال ،واٹر بگ ،فلیمنگوز ،سائبر ہرن اور دیگر اقسام کے جانور نظر آتے ہیں ۔
سفاری پارک 1970ء قائم ہوا ۔
اس میں سینکڑوں جانور اور پرندے ہیں ۔جانوروں میں ہاتھی،زیبراز ،لاماز ،مختلف قسم کے ہرن ،شتر مرغ ،مختلف اقسام کے مور ،بطخیں ،تلور وغیرہ بھی شامل ہیں ۔
2011ء میں تنزانیہ سے منگوائے گئے ہاتھی کے چار بچوں کو طبی معائنے او ر ماحول سے مانوس کرنے کے بعد سفاری پارک میں عوام کے سامنے پیش کردیا گیا ۔ان ہاتھیوں میں تین مادہ اور ایک نر تھا اور ان کی عمریں دو سے چار سال کے درمیان تھیں۔
سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے ہاتھیوں کا نام رکھنے کے لیے کراچی کے بچوں کے درمیان ایک مقابلہ رکھا۔
نام رکھنے کے دو ماہ بعد دو ہاتھیوں کو کراچی کے قدیم چڑیا گھر منتقل کردیا گیا۔ایک نر اور ایک مادہ ہاتھی سفاری پارک میں موجود ہیں ۔سفاری پارک میں جس قدر کثیر تعداد میں پودے لگائے گئے ہیں اور جس طرح سے ان کی دیکھ بھال کی جارہی ہے اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو کچھ عرصہ بعد یہاں اچھا خاصا خوبصورت جنگل نظر آئے گا۔
یہاں چند برسوں سے کیبل چےئر بھی چلائی جارہی ہے ۔علاوہ ازیں سفاری پارک کی پہاڑی کی انتہائی بلندی پر نوجوانوں اور بچوں کے لیے ایک ایڈونچرپارک بھی قائم ہے ۔سفاری پارک کراچی کی خوبصورتی کو چار چاند لگاتا ہے ۔

Browse More Mutafariq Mazameen