’قیدی نمبر 804 آپ کے سامنے بیٹھا ہے‘

عارف علوی نے عمران خان سے ملاقات کا احوال بیان کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 مئی 2024 12:47

’قیدی نمبر 804 آپ کے سامنے بیٹھا ہے‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی 2024ء ) سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تحریک انصاف کے قائد عمران خان سے طویل عرصے بعد جیل میں اپنی ملاقات کا احوال بیان کردیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ میں اڈیالہ میں عمران خان کے ساتھ اپنی ملاقات کا سب سے خوبصورت حصہ ضرور شیئر کروں گا، ہمارے درمیان پرجوش دعا سلام کے بعد میرے قائد نے کہا ’آیئے آیئے ڈاکٹر صاحب ویلکم، بیٹھیں‘، پھر اپنا دایاں ہاتھ اپنے سینے پر رکھتے ہوئے کہا ’قیدی نمبر 804 آپ کے سامنے ہے‘۔

سابق صدر مملکت کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اس بات پر ہم سب نے دل کھول کر قہقہہ لگایا، ان کی مزاح، ذہانت، دلیری اور بے خوفی نے کوانٹم جمپ لیا ہے اور ان کی قید نے انہیں کمزور کرنے کی بجائے مزید مضبوط بنا دیا ہے، یہ ہے "ایاک نعبد و ایاک نستعین" پر ایمان کا کمال۔

(جاری ہے)

ArifAlvi
 
علاوہ ازیں ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسائل کا حل بات چیت ہی میں ہے، بات چیت کے لئے اپنی کوشش کرتے رہیں گے، ناکامی تب ہو گی جب ناکامی مان لوں گا،جمعرات کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ان کو اچھی صحت اور اچھے موڈ میں پایا، 6ججز کے خط سے متعلق سپریم کورٹ میں کیس ہے، ہمارے تمام ادارے ایک بند گلی میں چلے گئے ہیں، فوج میری ہے، میں نے ہمیشہ اس کا دفاع کیا، بانی پی ٹی آئی اتنا مینڈیٹ لینے کے بعد بھی قید میں ہیں، موجودہ پارلیمنٹ فارم 47 والی ہے، اس کے پاس مینڈیٹ کم ہے، اس وقت فارم 47 والی حکومت ہے، یہ چلتی رہی تو حالات خراب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پولیس نے ہر کسی کے گھر جا کر توڑ پھوڑ کی، ظلم ڈھائے، میڈیا آزاد ہے تو لوگوں کو پتا چل رہا ہے دنیا میں کیا ہورہا ہے، غزہ میں سوشل میڈیا پر تصویروں سے پتا چلا کتنا ظلم ہو رہا ہے، پاکستان واحد ملک ہے جس میں سوشل میڈیا کو بند کیا گیا،سوشل میڈیا عوام کے ہاتھ میں ہے جس سے افواہیں پھیلتی ہیں، بات چیت ہی ملکی مسائل کا حل ہے، میں پل کا کردار ادا کرتا رہا ہوں ۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments