پاکستان یا بھارت کے مؤقف کی نہیں کشمیر کی خود مختاری کی حامی ہوں، ارمینہ خان

ہمیں بطور انسان کشمیریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، انٹرویو

پیر 19 اگست 2019 15:23

پاکستان یا بھارت کے مؤقف کی نہیں کشمیر کی خود مختاری کی حامی ہوں، ارمینہ خان
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) اداکارہ ارمینہ خان نے کہا ہے کہ وہ کشمیر مسئلے پر پاکستان یا بھارت کے مؤقف کی نہیں بلکہ کشمیریوں کے مؤقف کی حامی ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ انہیں خودمختیاری اور اپنے حقوق حاصل ہوں۔اداکارہ نے ایک انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ کشمیر مسئلے پر پاکستان یا بھارت میں سے کسی کی طرف نہیں ہیں اور وہ جمہوریت، آزادی، انسانی حقوق، انسانیت اور خودمختاری کی طرف ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ان کے خیال میں مقبوضہ کشمیری کے عوام کو ذاتی آزادی و خودمختاری کا حق حاصل ہے اور ہمیں بطور انسان ان کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ایک اور سوال کے جواب میں ارمینہ خان نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہتیں کہ آرٹسٹ محب وطن نہیں ہوتا، تاہم بعض مرتبہ محب وطن آرٹسٹ کو حالات کو دیکھ کر بیانات دینے چاہئیں اور کچھ ایسی باتیں ہوتی ہیں جن کا اظہار نہ کرنا ہی بہتر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ارمینہ خان نے بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی خواہش کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کو اسی لیے ہی ایک کھلا خط لکھا تھا کہ وہ بطور عالمی امن کے ادارے ہونے کے ناطے پریانکا چوپڑا کے بیان پر وضاحت کرے۔اداکارہ نے کہا کہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے رواں برس فروری میں کی جانے والے ٹوئیٹس نامناسب تھے جن میں انہوں نے بھارت کو پاکستان کے ساتھ جنگ کے لیے اکسایا۔

ارمینہ خان کے مطابق یونیسیف کا مقصد کچھ اور ہے، وہ بچوں کی حفاظت اور انسانیت سے متعلق کام کرنے والا ادارہ ہے اور ان کی سفیر نے جنگ کے لیے اکسانے سے متعلق ٹوئٹ کیا تھا۔ارمینہ خان نے چند دن قبل ہی سوشل میڈیا کے ذریعے اقوام متحدہ کے نام ایک کھلا خط لکھا تھا جس میں انہوں نے عالمی ادارے سے پوچھا تھا کہ وہ پریانکا چوپڑا کے جنگ کے بیان پر کیا مؤقف رکھتے ہیں پاکستانی اداکارہ نے اقوام متحدہ سے پوچھا تھا کہ وہ پریانکا چوپڑا کے جنگ سے متعلق بیان پر اپنی پالیسی واضح کرے۔
وقت اشاعت : 19/08/2019 - 15:23:20

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :