الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلا ف ورزی پر کسی بھی امیدوار کو نااہل قرار دیا جائیگا، اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی ، انتخابات کے روز ووٹر وں کے لئے ٹرانسپورٹ پر پابندی ہو گی ،ڈسٹرکٹ سیشن جج شفیق احمد تنولی ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج جہانزیب خان شنواری ، ڈپٹی کمشنر چارسدہ سید ظفر علی شاہ، ڈی پی او چارسدہ نثار علی خان مر وت کا ضلع کے 200سے زائد امیدواروں سے خطاب ، انتخابات میں حصہ لینے والے امید واروں کا ریڈیو دلبر پر پابندی لگانے کا مطالبہ

بدھ 3 اپریل 2013 23:00

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3اپریل۔ 2013ء) ڈسٹرکٹ سیشن جج شفیق احمد تنولی ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج جہانزیب خان شنواری ، ڈپٹی کمشنر چارسدہ سید ظفر علی شاہ، ڈی پی او چارسدہ نثار علی خان مر وت نے کہا ہے کہ چارسدہ کے دو قومی اور 6صوبائی اسمبلیوں کے نشستوں پر انتخابات میں حصہ لینے والے 200امید واروں پر واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلا ف ورزی پر کسی بھی امیدوار کو نااہل قرار دیا جائیگا۔

اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی ۔ انتخابات کے روز ووٹر وں کے لئے ٹرانسپورٹ پر پابندی۔ انتخابات میں حصہ لینے والے امید واروں کا ریڈیو دلبر پر پابندی لگانے کا مطالبہ ۔ وہ بدھ کو چارسدہ کے 2قومی اور 6صوبائی اسمبلیوں کے نشستوں پر انتخابات میں حصہ لینے والے 200سے زائد امید واروں کو پولیس سکرٹریٹ میںآ ئندہ انتخابات کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دے رہے تھے ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ سیشن جج شفیق احمد تنولی نے بریفنگ میں امید واروں پر واضح کیا کہ الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کے حوالے سے ایک ضابطہ اخلاق مرتب کیا ہے جس پر عمل درآمد ہر امید وار پر فرض ہے۔ الیکشن کمیشن کے مقررہ سائز سے بڑے بینر ز اور پوسٹر کی اجازت نہیں ہو گی۔ اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی ۔ کوئی امید وار الیکشن کے روز ووٹروں کیلئے ٹرانسپورٹ مہیا نہیں کر سکے گا۔

خلاف ورزی کرنے والے امید واروں کے نتائج کو روک لیا جائیگا۔ امید واروں کو جلسے جلوسوں کیلئے تین دن پہلے ڈپٹی کمشنر سے اجازت لینی ہو گی تاکہ سیکورٹی کے مناسب انتظامات یقینی بنائے جا سکے۔ حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائینگے۔ اُنہو ں نے مزید کہا کہ جن امید واروں کو سیکورٹی کی ضرورت ہو وہ ڈپٹی کمشنر چارسدہ کو باضابطہ درخواست دے سکتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سید ظفر علی شاہ اور ڈی پی او نثار علی خان مروت نے بریفنگ میں امید واروں پر واضح کیا کہ سیکورٹی پولیس کی ذمہ داری ہے ۔ پرائیوٹ سیکورٹی گارڈز کی اجازت کسی صورت نہیں دے سکتے البتہ انتخابات کے لئے محدود پیمانے پر اسلحہ کے حصوصی پرمٹ جاری کئے جائینگے۔ اس موقع پر انتخابات میں حصہ لینے والے امید وارو ں نے مطالبہ کیا کہ مقامی ایف ایم ریڈیو دلبر 93کو فوری طور پر بند کیا جائے کیونکہ مذکورہ چینل نہ صرف فرقہ ورایت پھیلا رہی ہے بلکہ انتخابات میں حصہ لینے والے امید واروں سے بھاری رقومات لیکر ایسے امید واروں کے جلسے جلوسوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے اور خبروں میں مخالف امید واروں کی پگڑیاں اچھالی جاتی ہیں ۔

امید واروں نے واضح کیا کہ ملک میں قانون اور آئین کی حکمرانی کا یہ عالم ہے کہ ایک خالص تفریخی چینل جس کے پاس صرف تفریخی نشریات کا لائسنس ہے مگر اس چینل پر انتظامیہ نے مفادات کی خاطر خبریں ، ٹاک شوز ، سیاسی اور مذہبی رپورٹس کا سلسلہ عرصہ دراز سے شروع کر رکھا ہے جس سے کسی بھی وقت امید واروں کے مابین خونی جھگڑے کا قوی امکان ہے ۔