پاکستانی چلبل پانڈے سوشل میڈیا پر وائرل

فہد مصطفیٰ کو رنویر سنگھ اور سلمان خان کا ٹائٹل دے دیا گیا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 16 اکتوبر 2020 06:58

پاکستانی چلبل پانڈے سوشل میڈیا پر وائرل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر2020ء) پاکستانی شائقین میں ابھی تک بالی وڈ فلم انڈسٹری کا جادو چھایا ہوا ہے حالانکہ سنیما میں بالی وڈکی فلمیں لگنا بھی بند ہو گئی ہیں۔اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ پاکستان میں گزشتہ کافی عرصہ سے اچھے پیمانے پر بہت کم فلمیں بن رہی ہیں اور دوسری وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ پاکستانی پروڈیوسرز نے ڈراموں کی طرف تو توجہ دی مگر فلموں کی طرف ان کارجحان بہت کم رہا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ایک تو سنیما کا رجحان کم ہوااور دوسرا لوگوں نے بالی وڈ اور ہالی وڈ کی فلموں میں دلچسپی لینا شروع کر دی۔مگر گزشتہ ایک دو برس سے پاکستان فلم انڈسٹری بھی پھل پھول رہی ہے اور یہاں بھی بہت اچھی فلمیں بنائی جا رہی ہیں جن کی ملک بھر میں پذیرائی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت فہد مصطفیٰ کی فلم ”قائداعظم“کی شوٹنگ جاری ہے اور ا س فلم کی ریلیز سے قبل ہی فہد مصطفیٰ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر فہد مصطفیٰ کی تصویر پر گرماگرم بحث چھڑگئی ہے اور لوگ فہد مصطفیٰ کا موازنہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور رنویر سنگھ سے کررہے ہیں۔دو روز قبل فہد مصطفیٰ نے اپنی آنے والی فلم”قائداعظم زندہ باد“کی پہلی جھلک مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔ تصویر میں فہد مصطفیٰ پولیس آفیسر کی وردی میں آنکھوں پر چشمہ لگائے دبنگ پولیس والے بنے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر فہد مصطفیٰ کی تصویر پر صارفین کی جانب سے کیے جانے والے تبصروں نے بحث کی شکل اختیار کرلی ہے کوئی ان کے نئے ل±ک کو سراہ رہا ہے تو کوئی انہیں بھارتی اداکاروں سلمان خان اور رنویر سنگھ کی کاپی قرار دے رہاہے۔ایک صارف نے کہا دبنگ کی کاپی، کسی نے کہا غریبوں کا رنویر سنگھ۔ جب کہ ایک خاتون نے فہد مصطفیٰ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا سلمان خان قراردیا۔

جبکہ کچھ خواتین نے کہا ہمارا اپنا دیسی چلبل پانڈے اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ فلم دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔جبکہ ایک اور صارف نے فہد مصطفیٰ کی تصویر پر کہا چلبل پانڈے میڈ ان چائنا۔ تاہم بہت سارے لوگوں نے فہد مصطفیٰ کی تعریف بھی کی۔ ایک مداح نے کہا پہلی بار میں نے اس یونیفارم میں کسی کو اتنا سلم دیکھا ہے۔واضح رہے کہ فہد مصطفی فلم”قائد اعظم زندہ باد“میں گلاب نامی پولیس آفیسر کا کردار ادا کررہے ہیں اور ان کے ساتھ ماہرہ خان پہلی بار مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔ اس فلم کو نبیل قریشی ڈائریکٹ کررہے ہیں اور فضا علی مرزا فلم کی پروڈیوسر ہیں۔
وقت اشاعت : 16/10/2020 - 06:58:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :