حلیمہ سلطان‘ کے اردو جملے میں ’کروں گی‘ کے بجائے ’کروں گا‘ پر میمز

حلیمہ سلطان کی جانب سے جملے میں’ ’کروں گی‘‘ کے بجائے ’’کروں گا‘‘ لکھنے پر ان کی پوسٹ پر مزاحیہ تبصرے

پیر 22 فروری 2021 12:18

حلیمہ سلطان‘ کے اردو جملے میں ’کروں گی‘ کے بجائے ’کروں گا‘ پر میمز
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2021ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی نے ترک اداکار اسرا بلگیچ المعروف ’حلیمہ سلطان‘ کو 19 فروری کو اپنا خیر سگالی سفیر مقرر کرنے کی تصدیق کی تھی اور بعد ازاں وہ ٹیم کے گانے میں بھی جلوہ گر ہوئی تھیں۔پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے تو گزشتہ برس ہی عندیہ دیا تھا کہ اسرا بلگیچ کو پشاور زلمی کا سفیر بنایا جائے گا اور انہیں ٹیم کا سفیر بنائے جانے پر کرکٹ و شوبز شائقین نے خوشی کا اظہار بھی کیا ہے۔

پشاور زلمی کا حصہ بننے کے بعد اسرا بلگیچ نے 21 فروری کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں اردو میں پی ایس ایل ٹیم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر فخر کیا کہ وہ بھی کرکٹ ٹیم کی فیملی کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

اسرا بلگیچ نے انگریزی اور اردو زبان میں جملہ لکھنے کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی۔اسرا بلگیچ کی جانب سے پشاور زلمی کا حصہ بننے پر اردو میں پوسٹ کیے جانے پر جہاں ان کے شائقین خوش ہوئے، وہیں بعض افراد نے ان کی جانب سے جملے میں ’کروں گی‘ کے بجائے ’کروں گا‘ لکھنے پر ان کی پوسٹ پر مزاحیہ تبصرے بھی کیے۔

اسرا بلگیچ نے اردو میں جملہ لکھا کہ ’اب میں زلمی فیملی کا حصہ ہوں، مجھے فخر ہے کہ میں آپ کے ساتھ ٹیم کی حمایت کروں گا۔اداکارہ کی جانب سے ’کروں گی‘ کے بجائے ’کروں گا‘ لفظ لکھنے پر بعض افراد نے انہیں یاد دلایا کہ وہ ایک خاتون ہیں، اس لیے جملے میں ’کروں گی‘ آئے گا۔ان کی پوسٹ پر بعض افراد نے مذاق کرتے ہوئے لکھا کہ ’حلیمہ سلطان‘ کی جانب سے ’کروں گی‘ کے بجائے ‘کروں گا‘ لکھنے سے ہی وہ سمجھ گئے کہ وہ پشاور زلمی کو سپورٹ کریں گی۔بعض افراد نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کیے کہ جب کوئی شخص گوگل سے ٹرانسلیٹ کرے گا تو ایسا ہی ہوگا۔
وقت اشاعت : 22/02/2021 - 12:18:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :