یہ دنیا کیسی دنیا ہے جس نے افغان خواتین کو ان شدت پسندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، بھارتی اداکاروں کا افغانستان کی صورتحال پر رد عمل

تاریخ ہمیں سکھاتی ہے کہ شدت پسند پہلے مذہب کی آڑ میں ثقافت پر حملہ کرتے ہیں، شبانہ اعظمی ، جاوید اختر ، فرحان اختر و دیگر کا اظہار خیال

منگل 17 اگست 2021 16:51

یہ دنیا کیسی دنیا ہے جس نے افغان خواتین کو ان شدت پسندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، بھارتی اداکاروں کا افغانستان کی صورتحال پر رد عمل
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2021ء) بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کی معروف شخصیات نے افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد پیش آنے والی صورتحال پر اپنا ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ دنیا کیسی دنیا ہے جس نے افغان خواتین کو ان شدت پسندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔بھارتی فلمساز و اداکارہ سونی رازدان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ کیسی دنیا ہے کہ ایک ملک اپنی آزادی کا جشن مناتا ہے دوسرا ملک اپنی آزادی کھو دیتا ہے۔

بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر افغانستان کی صورتحال پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ ہمیں سکھاتی ہے کہ شدت پسند پہلے مذہب کی آڑ میں ثقافت پر حملہ کرتے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ یاد رکھیں کہ طالبان نے چھٹی صدی کے بامیان مجسموں کو تباہ کیا تھا اور یہ اس بات کی علامت تھی کہ انسانی ظلم و ستم کی پیروی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

مشہور بھارتی مصنف اور شاعر جاوید اختر نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر افغانستان کی موجودہ صورتحال پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کس قسم کی سپر پاور ہے کہ وہ ان وحشیوں کو ختم نہیں کر سکتی جنہیں طالبان کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کیسی دنیا ہے جس نے افغان خواتین کو ان شدت پسندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔جاوید اختر نے کہا کہ شرم آنی چاہیے ان تمام مغربی ممالک پر جو انسانی حقوق کے محافظ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔

جاوید اختر کے بیٹے اور بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار فرحان اختر کا افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے ردِعمل میں کہنا ہے کہ دنیا کی طاقتوں کو صرف اس وقت یہ بات کرنے کی ضرورت ہے کہ معصوم افغانوں کی مدد کیسے کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ابھی اور اسی وقت، اس کیلئے آنے والے دنوں کے انتظار کا وقت نہیں ہے۔
وقت اشاعت : 17/08/2021 - 16:51:48

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :