مرحوم دلیپ کمار کی اہلیہ کی طبیعت بھی بگڑ گئی، ہسپتال منتقل

شوہر کی جدائی کے غم میں مبتلا سائرہ بانو کو طبیعت بگڑنے کے باعث ممبئی کے ہسپتال کے آئی سی یو منتقل کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 ستمبر 2021 20:31

مرحوم دلیپ کمار کی اہلیہ کی طبیعت بھی بگڑ گئی، ہسپتال منتقل
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر2021ء) مرحوم دلیپ کمار کی اہلیہ کی طبیعت بھی بگڑ گئی، ہسپتال منتقل۔ تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار دلیپ کمار کی وفات کے بعد ان کی اہلیہ سائرہ بانو کی صحت بھی خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 77 سالہ سائرہ بانو کو دل کی تکلیف اور بلڈ پریشر کے مسائل کی وجہ سے ممبئی کے ہندوجا ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی طبیعت انتہائی ناساز ہوگئی، جس کی وجہ سے انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ منتقل کیا گیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اگرچہ سائرہ بانو کو آئی سی یو منتقل کیا گیا ہے لیکن ان کی صحت بہتر ہے اور اس میں بدستور بہتری آ رہی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سائرہ بانو کا کورونا ٹیسٹ بھی کروایا گیا ہے جس کی رپورٹ منفی آئی ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سائرہ بانو کو دل کی تکلیف ہوئی جس کے بعد ان کی انجیوگرافی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سائرہ بانو کے خاندانی ذرائع کا بتانا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب انہیں دل میں تکلیف اور بلڈ پریشر کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، اس سے قبل وہ ہمیشہ اپنے مرحوم شوہر دلیپ کمار کی بیماری کی وجہ سے ان کے ساتھ ہسپتال جایا کرتی تھیں، تاہم کبھی یہ خبر سامنے نہیں آئی کہ سائرہ بانو کو کسی بیماری کی وجہ سے ہسپتال لے جایا گیا ہو۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سائرہ بانو تاحال اپنے شوہر کی وفات کے صدمے سے مکمل طور پر باہر نہیں نکل سکیں، اسی لیے ان کی صحت پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔ قریبی عزیزوں کی جانب سے سائرہ بانو کو شوہر کی وفات کے صدمے سے باہر نکالنے کیلئے مسلسل کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ دلیپ کمار گزشتہ ماہ 7 جولائی کو 98 سال کی عمر میں متعدد طبی مسائل اور طویل العمری کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ دلیپ کمار کے انتقال کے بعد سائرہ بانو دنیا میں تنہاء رہ گئیں، بالی وڈ لیجنڈ سے شادی کے بعد ان کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی۔
وقت اشاعت : 02/09/2021 - 20:31:10

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :