سینئر اداکار طلعت اقبال امریکا میں انتقال کرگئے

جمعہ 24 ستمبر 2021 23:29

سینئر اداکار طلعت اقبال امریکا میں انتقال کرگئے
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) پاکستان کے سینئر اداکار طلعت اقبال امریکا کے ہسپتال میں علالت کے باعث انتقال کرگئے۔میڈیارپور ٹ کے مطابق طلعت اقبال کے اہلخانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔طلعت اقبال کے اہلخانہ کے مطابق وہ امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں زیر علاج تھے۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے طلعت اقبال کی بیٹی صومی حسین نے والد کی بیماری کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہوئے۔

صومی حسین کا کہنا تھا کہ ناسازی طبیعت کے باعث طلعت اقبال کچھ ادویات لے رہے تھے تو اس دوران ان کی سانس کی نالی میں گولی اٹک گئی جس کے بعد سے وہ بے ہوش ہیں۔اداکار کی بیٹی نے کہا تھا کہ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ان کی صحت کے حوالے سے 24 سے 36 گھنٹے اہم ہیں۔

(جاری ہے)

صومی حسین کے مطابق ڈاکٹرز کی جانب سے والد کی حالت کو ایسپریشن نمونیا قرار دیا گیا ہے،واضح رہے کہ طلعت اقبال نے 70 اور 80 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویڑن (پی ٹی وی) کے کئی ڈراموں میں اہم کردار ادا کیے تھے۔

اپنے کیریئر کے دوران طلعت اقبال نے کئی پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا۔ان کی اہلیہ سنبل طلعت اقبال بھی ٹی وی میں اپنے کام کی وجہ سے جانی جاتی تھیں جو 2014 میں کینسر کے باعث امریکا میں انتقال کرگئی تھیں۔طلعت اقبال طویل عرصے سے امریکا میں مقیم تھے انہوں نے سوگواران میں ایک بیٹی اور بیٹا چھوڑے ہیں، ان کی دوسری بیٹی کا انتقال چند ہفتے قبل ہی ہوا تھا۔
وقت اشاعت : 24/09/2021 - 23:29:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :