نورجہاں کو حد سے زیادہ میک اپ کے ساتھ گاتا دیکھ کر لوگوں کو چڑ ہوتی تھی، علی عظم

جمعہ 22 اکتوبر 2021 00:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) ماضی کے مقبول گلوکار علی عظمت نے کہا ہے کہ 1990 کی دہائی میں جب وہ نوجوان تھے تب میڈم نورجہاں ٹی وی پر بہت زیادہ میک اپ اور ساڑھی کے ساتھ گانے گاتی تھیں تو لوگوں کو ان سے چڑ ہوتی تھی اور اس سے بچنے کے لیے ملک میں مغربی میوزک کو پروان چڑھایا گیا۔ایک یوٹیوب پروگرام میں وکلا کے ساتھ ملک میں مغربی طرز موسیقی اور سماجی اخلاقیات پر بات کرتے ہوئے علی عظمت نے بتایا کہ کس طرح پاکستان میں امریکی پاپ کلچرل میوزک کو متعارف کروایا گیا۔

انہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ 1992 یا 1993 کا واقعہ ہے جب وہ بلوچستان کے شہر سبی گئے تو وہاں انہوں نے مٹی کے طوفان میں بھی رات دیر گئے ہوٹل پر لوگوں کو ٹی وی پر امریکی ٹی وی ایم ٹی وی کی ویڈیوز دیکھتے ہوئے دیکھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی زمانے میں ایم ٹی وی کی کیسٹس کو ملک میں لانے سے قبل ٹی وی پر میڈم نورجہاں جب گانے گاتی تھیں تو اس وقت کی نوجوان نسل کو ان سے چڑ آتی تھی۔

علی عظمت کے مطابق نورجہاں اس وقت بھی زائد العمر تھیں اور وہ گلوکاری کے وقت ساڑھی میں ملبوس بہت بڑے زیورات اور حد سے زیادہ میک اپ کے ساتھ گانے گاتی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت نئی نسل سوچتی تھی کہ یہ کیوں ضروری ہے کہ ہم صرف نورجہاں کو ہی ٹی وی پر دیکھیں اور سنیں اور اس کے بعد ملک میں ایم ٹی وی میوزک کلچر کی ویڈیو کیسٹس لاکر چلائی جانے لگیں اور ملک میں مغربی موسیقی کو رائج کیا گیا۔علی عظمت نے اعتراف کیا کہ مغربی میوزک کلچر نافذ ہونے کے بعد جب وہ میڈونا سمیت دیگر مغربی گلوکاراوں کو ٹی وی پر مختصر لباس میں دیکھتے تھے تو ان کے منہ کھلے رہ جاتے تھے۔
وقت اشاعت : 22/10/2021 - 00:06:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :