فلم ’’زندگی تماشہ ‘‘کی ریلیز سے متعلق نیا اعلان سامنے آ گیا

فلم دو برس کی تاخیر کے بعد18 مارچ 2022 کوسینمائوں کی زینت بنے گی

ہفتہ 18 دسمبر 2021 11:38

فلم ’’زندگی تماشہ ‘‘کی ریلیز سے متعلق نیا اعلان سامنے آ گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2021ء) فلمساز سرمد کھوسٹ کی فلم ’’زندگی تماشہ ‘‘جو لگ بھگ 2 برس سے مختلف تنازعات کے باعث ریلیز نہیں ہوسکی تھی اب اس کی ریلیز سے متعلق نیا اعلان سامنے آیا ہے۔فلم کے پروڈکشن اسٹوڈیو کھوسٹ فلمز کی جانب سے یوٹیوب پر ’’زندگی تماشہ ‘‘کے ٹریلر کو دوبارہ ریلیز کیا گیا ہے اور ساتھ ہی نئی تاریخ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

ٹریلر کے آخر میں ریلیز کی تاریخ 18 مارچ 2022 بتائی گئی ہے اور اب یہ فلم 2 برس کی تاخیر کے بعد سینمائوں کی زینت بنے گی۔نرمل بانو کی تحریرکردہ اس فلم کی ہدایات سرمد کھوسٹ نے دی ہیں۔ فلم کے مرکزی کرداروں میں عارف حسین، سمیعہ ممتاز، علی قریشی اور ایمان سلیمان شامل ہیں۔اندرون لاہور کی زندگی کے تلخ حقائق ،نشیب و فراز اور گلی محلوں میں بسنے والے عام کرداروں کے گرد گھومتی فلم ’’زندگی تماشہ ‘‘ریلیز سے قبل ہی بوسان فلم فیسٹیول میں پیش کی جاچکی ہے۔

(جاری ہے)

اس فلم نے کم جیسوئک ایوارڈ بھی حاصل کیا جبکہ رواں برس ایشین فلم فیسٹیول میں 2 ایوارڈز حاصل کیے۔ واضح رہے کہ فلم ’’زندگی تماشہ ‘‘24 جنوری 2020کو ریلیز کی جانی تھی لیکن سنسر بورڈ نے فلم کے خلاف مختلف شکایات موصول ہونے اور اعتراض اٹھائے جانے کے بعد فلم کی ریلیز پر تاحکم ثانی پابندی لگادی تھی ۔سرمد کھوسٹ نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ کے ذریعے وزیراعظم عمران خان کے نام ایک کھلا خط بھی لکھا تھا جس میں فلم کی نمائش میں حائل رکاوٹوں کا ذکر کیا گیا تھا جبکہ ہدایتکار، پروڈیوسر اور عملے کو دھمکیاں ملنے کا بھی انکشاف کیا تھا۔
وقت اشاعت : 18/12/2021 - 11:38:34

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :