شوبزانڈسٹری کے سینئر اداکار رشید ناز 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

رشید ناز کافی عرصے سے علیل تھے اور اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج تھے، بیٹا حسن نعمان

پیر 17 جنوری 2022 22:21

شوبزانڈسٹری کے سینئر اداکار رشید ناز 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2022ء) پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار رشید ناز 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔رشید ناز کے بیٹے حسن نعمان نے اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ والد کافی عرصے سے علیل تھے اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ رشید ناز 9 ستمبر 1948 کو خیبرپختون خوا میں پیدا ہوئے، انہوں نے بیشمار فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

انہوں نے پشتو ڈرامے میں بطور اداکار اپنے ٹیلی ویژن کیریئر کا آغاز کیا۔ رشید ناز نے کئی پشتو، ہندکو اور اردو زبان کے ڈراموں میں کام کیا۔ ان کا پہلا اردو ڈرامہ ’ایک تھا گاؤں‘ تھا جو 1973 میں نشر کیا گیا۔ ان کا پہلا مقبول ڈرامہ ’ناموس‘ تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کے پہلے نجی ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’دشت‘ میں بھی کام کیا۔1988 میں، انہوں نے اپنی پہلی پشتو فلم ’زما جنگ ‘میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ان کی پہلی اردو فلم سید نور کی ’ڈکیت‘ تھی، انہوں نے شعیب منصور کی فلم ’خدا کے لیے‘ میں بھی کام کیا۔رشید ناز نے شعیب منصور کے ایک معروف ویڈیو گانے ’عشق محبت اپنا پن‘ میں ایمان علی کے ساتھ بھی کام کیا۔رشید ناز کی مشہور فلموں میں کراچی سے لاہور، ورنہ، خدا کے لیے اور دیگر شامل ہیں۔انہوں نے خدا زمین سے گیا نہیں ہے ، انکار ، انوکھی، اپنے ہوئے پرائے، غلام گردش، دوسرا آسمان، ناموس، پتھر ، سمیت دیگر ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری سے شائقین کے دل جیتے۔

رشید ناز کی بہو اور اداکارہ مدیحہ نقوی نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے یہ خبر دی کہ اداکار رشید ناز اب ہم میں نہیں رہے۔ اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ’ہمارے پیارے بابا رشید ناز اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔
وقت اشاعت : 17/01/2022 - 22:21:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :