شاہ رخ خان کو فلم چک دے انڈیا میں کام کرنے پر افسوس

جمعہ 12 اگست 2022 20:41

شاہ رخ خان کو فلم چک دے انڈیا میں کام کرنے پر افسوس
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2022ء) بھارتی فلم نگری کے بادشاہ شاہ رخ خان کو مشہور فلم چک دے انڈیا میں کام کرنے پر افسوس ہے۔بھارتی باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی شاہ رخ خان کی فلموں میں ایک فلم چک دے انڈیا کی ریلیز کو رواں ماہ 15سال ہوگئے ہیں۔شمیت امین کی ہدایتکاری میں بننے والی کھیلوں پر مبنی اس فلم نے اپنی سکرپٹ، ہدایتکاری اور شاندار کردار پر خوب تعریفیں وصول کی تھیں،تاہم حیرت انگیز بات یہ ہے کہ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنیوالے اداکار شاہ رخ خان کو اس فلم میں کام کرنے پر افسوس ہے۔

شاہ رخ خان نے ایڈنبرا یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے اپنی اس سپر ہٹ فلم سے متعلق شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور اس فلم کو اپنی اب تک کی بدترین فلموں میں سے ایک فلم قرار دیا۔

(جاری ہے)

شاہ رخ نے کہا کہ فلم بنانے کیلئے ہمارے پاس کئی روشن دماغ تھے لیکن جب اس فلم کو پہلی اسکریننگ کے دوران دیکھا تو ہم سب نے یہ محسوس کیا کہ یہ ہماری زندگی میں بنائی گئی اب تک کی سب سے بری فلم تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ناکامی کے اس مرحلے پر پہنچ چکے تھے جہاں ہم لوگوں کو یہ کہہ کر ٹالنا شروع کر دیتے ہیں کہ سنو ہم نے وہی کیا ہے جو ہم چاہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ کامیابی اور ناکامی عارضی ہے لیکن یہ واقعی بہت افسوس ناک لمحہ تھا۔فلم چک دے انڈیا کے بارے میں ایک اور حیران کن حقیقت یہ ہے کہ کوچ کبیر خان کا کردار ادا کرنے کیلئے شاہ رخ خان پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا کا پہلا انتخاب نہیں تھے، بلکہ شاہ رخ خان سے پہلے اس کردار کی پیشکش سلمان خان کو کی گئی تھی۔سلمان خان نے فلم کی سکرپٹ پر کچھ اعتراضات کی وجہ سے آدتیہ چوپڑا کی یہ پیشکش قبول نہیں کی،اس طرح یہ کردار شاہ رخ خان کے حصے میں آگیا اور 2007ء میں ریلیز ہونیوالی فلم چک دے انڈیا بالی ووڈ کی مشہور فلموں میں سے ایک بن گئی۔
وقت اشاعت : 12/08/2022 - 20:41:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :