حریم شاہ کے لاپتہ شوہربلال شاہ گھرپہنچ گئے

منگل 5 ستمبر 2023 20:19

حریم شاہ کے لاپتہ شوہربلال شاہ گھرپہنچ گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2023ء) معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ کے لاپتہ شوہر بلال شاہ گھر پہنچ گئے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر گمشدہ بلال شاہ منگل کی صبح گھر پہنچے،خاندان کی جانب سے بھی بلال شاہ کے پہنچنے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔تفتیشی حکام کی جانب سے بلال کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔حریم شاہ کے شوہر بلال حسین شاہ کے اغوا کا مقدمہ کراچی کے ڈیفنس تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ساوتھ کراچی شیراز نذیر کے مطابق ایف ائی آر نمبر 533/23 بلال شاہ کی والدہ بی بی شہزادی بیگم کی مدعیت میں ڈیفنس تھانے میں درج کی گئی ۔خاتون کے مطابق ان کے بیٹے بلال حسین شاہ کو 27 اگست کو کراچی کے علاقے قیوم آباد بلاک بی کی گلی نمبر 6 میں میں گھر سے نکلنے کے بعد اغوا کیا گیا۔

(جاری ہے)

مقدمے کے متن کے مطابق بلال کے گھر سے نکلنے کے بعد مین روڈ پر تین مختلف گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد نے انہیں اغوا کیا۔

مدعیہ کے مطابق اغوا کرنے والے ان کے بیٹے کی گاڑی بھی ساتھ لے گئے۔ حریم شاہ کے شوہر کے اغوا کی ایف ائی آر نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کی گئی ہے پولیس کے مطابق اس سلسلے میں تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ ٹک ٹاکر حریم شاہ نے دعوی کیا تھا کہ میرے شوہر بلال شاہ کو کراچی سے اغوا کرلیا گیا ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں حریم شاہ نے کہا کہ بلال شاہ گزشتہ ہفتے لندن میں میرے ساتھ تھے، وہ کراچی پہنچے تو انہیں سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے اٹھا لیا۔ٹک ٹاکر کا مزید کہنا تھا کہ اغوا کے عینی شاہدین کے مطابق کچھ افراد ڈالے میں آئے تھے اور میرے شوہر کو اٹھا کر لے گئے ہیں۔جب کہ حریم شاہ کے شوہربلال شاہ کی بازیابی کی درخواست پر آئی جی کو بھی نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 05/09/2023 - 20:19:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :