غرقاب اوشین گیٹ ٹائٹن آبدوز پر فلم بنانے کی تیاری

بدھ 4 اکتوبر 2023 11:25

غرقاب اوشین گیٹ ٹائٹن آبدوز پر فلم بنانے کی تیاری
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2023ء) بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے سمندر کی تہہ میں جانے والی اوشین گیٹ ٹائٹن آبدوز پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے گہرے پانی میں اتری اوشین گیٹ کمپنی کی ٹائٹن آبدوز کو تو سب ہی جانتے ہیں، اس آبدوز میں 5 سیاح سوار تھے جس میں دو پاکستانی باپ بیٹا بھی شامل تھے، رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے ٹائی ٹینک کے ملبے کے قریب ہی ٹائٹن آبدوز کو حادثہ پیش آیا تھا بعد ازاں ٹائٹن کا ملبہ ٹائی ٹینک کے ملبے کے قریب ہی پایا گیا تھا۔

تاہم اب بتایا جارہا ہے کہ ٹائٹن آبدوز پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جسے فی الحال Salvaged کہا جارہا ہے فلم کے پروڈیوسر ای برائن ڈوبنز ہیں، پروڈیوسر ای برائن ڈوبنز مائنڈ رائیوٹ انٹرٹینمنٹ کمپنی کے ساتھ وابستہ ہیں جو اس سے قبل بھی اوشین گیٹ کے مشن ڈائریکٹر کائلی بنگھم سے متعلق دستاویزی فلمیں بناچکی ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلم کے رائٹر جسٹن میک گریگور ک کا فلم کی تیاری کے حوالے سے کہنا تھا کہ ٹائٹن کا سانحہ مجھے 1986 میں ہونے والے خلائی شٹل چیلنجر کی تباہی کی یاد دلاتا ہے، یہ ایک ایسا المیہ ہے جسے میں کبھی نہیں بھولوں گا، اب بنائی جانے والی فلم میں 2023 ٹائٹن کے مشن پر جانے سے پہلے اور بعد کے تمام پہلوؤں کی عکس بندی کی جائے گی۔

اس فلم کے کو رائیٹر جوناتھن کے مطابق ہمارا میڈیا جو بغیر کسی تحقیق کے بہت سارے لوگوں کی زندگیوں کو مجرم ٹھہراکر برباد کرتا ہے اس کیلئے سچ جاننا ضروری ہے اور اس فلم کو بنانے کا مقصد بھی یہ ہے کہ عوام کو سچ معلوم ہو ۔
وقت اشاعت : 04/10/2023 - 11:25:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :