بالی ووڈ خانز نے بھارت میں پاکستانی اداکاروں پر پابندی عائد کروائی، نادیہ خان

ہفتہ 6 اپریل 2024 11:49

بالی ووڈ خانز نے بھارت میں پاکستانی اداکاروں پر پابندی عائد کروائی، نادیہ خان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2024ء) پاکستان کی معروف میزبان اور اداکارہ نادیہ خان نے کہا ہے کہ بھارت میں پاکستانی اداکاروں کی مقبولیت دیکھتے ہوئے بالی ووڈ خانز(شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان)نے ان پر پابندی عائد کروائی۔ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے نادیہ خان نے کہاکہ جب فواد خان جیسے ہمارے اداکاروں نے بھارت میں کام کرنا شروع کیا اور وہ بھارتی عوام میں مقبول ہوگئے تو بالی ووڈ کے بڑے بڑے اسٹارز پاکستانی اداکاروں سے ڈر گئے تھے۔

نادیہ خان نے کہا کہ بھارتی سیاستدانوں سمیت بالی ووڈ کے چند ٹاپ اسٹارز کو بھی پاکستانی اداکاروں سے مسئلہ تھا،پھر انہوں نے سیاسی رنگ دیتے ہوئے ہمارے اداکاروں پر بھارت میں پابندی لگوائی۔انہوں نے کہاکہ انہیں اس بات کا ڈر نہیں تھا کہ پاکستانی اداکاروں کو بھارت میں فلمیں آفر ہوں گی بلکہ وہ یہ دیکھ کر خوفزدہ تھے کہ بھارتی لوگ پاکستانی اداکاروں کے دیوانے ہیں۔

(جاری ہے)

نادیہ خان نے کہاکہ ہمارے اداکار اپنی فلموں اور ڈراموں میں نہ اپنی باڈی دکھاتے ہیں، نہ لڑائی کے سین کرتے ہیں بلکہ اپنی آنکھوں، پرفیکٹ ڈائیلاگ ڈلیوری اور صاف اردو سے ہی مداحوں کو دل جیت لیتے ہیں۔اداکارہ نے کہاکہ بھارت کے لوگ پاکستانی اسٹارز کے پیچھے پاگل ہیں، وہ ہمارے اداکاروں سے عشق کرتے ہیں، وہاج علی اور بلال عباس کے حالیہ ڈراموں نے بھارت میں خوب مقبولیت حاصل کی ہے جس کی وجہ سے وہاں کے لوگ ان اداکاروں کے دیوانے ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ خانز(شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان)ڈر گئے کہ کہ اگر یہ نوجوان پاکستانی لڑکے ان کی انڈسٹری میں آگئے تو ان کا کیریئر مشکل میں پڑ جائے گا کیونکہ ہمارے نوجوان اداکاروں کی عمر کا کوئی اداکار بالی ووڈ میں مقبول نہیں ہے۔
وقت اشاعت : 06/04/2024 - 11:49:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :