پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام "نئی آواز کی تلاش "کے عنوان سے پہلا پنجاب مقابلہ موسیقی کا آغاز

پیر 22 اپریل 2024 22:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام" نئی آواز کی تلاش "کے عنوان سے پہلا پنجاب مقابلہ موسیقی کا آغاز ہوگیا۔ اس حوالہ سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد آرٹس کونسل فیصل آباد کے نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں کیا گیا جس میں مہمان خصوصی معروف اورنامور غزل گائیگ استاد غلام علی،ایگزیکٹو ڈائریکٹر آرٹس کونسل پنجاب سید بلال حیدر، کمشنر فیصل آباد سلوت سعید،صدر چیمبر آف کامرس خرم طارق و صدر بورڈ آف مینجمنٹ آرٹس کونسل فیصل آباد،سینئرنائب صدر چیمبر آف کامرس داکٹر سجاد ارشد،نائب صدر چیمبر آف کامرس اسلم بھلی،ڈویژنل ڈائریکٹر آرٹس کونسل ابرار عالم،سی ٹی او مقصود احمد لون و دیگر نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر اشفاق نیر،غلام صابر راشد بیگ نے ججز کے فرائض انجام دیئے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی استاد غلام علی نے کہا کہ سر کسی کا محتاج نہیں ہوتا، یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا ہوتا ہے، فیصل آباد کی دھرتی نے استاد نصرت فتح علی جیسے عظیم گلوکار و قوال پیدا کئے،انہیں فیصل آباد آکر بڑی خوشی ہوئی اور وہ دعاگو ہیں کہ جو بچے اس مقابلہ موسیقی میں حصہ لے رہے ہیں وہ کامیاب ہوں اور فیصل آباد کا نام روشن کریں۔

سید بلال حیدر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل نے کہا کہ تاریخ میں پہلی دفعہ ایسی تقریب کاآغاز پنجاب کے38 اضلاع میں سے فیصل آباد سے کیا جا رہا ہے،اس سے قبل مقابلہ مصوری بھی کرایا گیا جس میں نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی۔حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر موسیقی میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے پنجاب بھر یہ مقابلہ جات کرائے جارہے ہیں جس کا آغازفیصل آبادسے ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ22 جون کو اس کی اختتامی تقریب لاہور میں منعقد ہوگی جس کی مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے لوگ فنون لطیفہ سے محبت کرنے والے لوگ ہیں،استاد غلام علی کو اس افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی جس پر وہ ان کے بے حد مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ غلام علی جیسے عظیم گلوکاروں کے ٹیلنٹ کو اگلی نسل میں منتقل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فنون لطیفہ کی سرپرستی میں فیصل آباد کے لوگ بہت آگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے بعد فیصل آباد کے 560 سے زائد نوجوان فنکاروں نے اس ایونٹ میں حصہ لینے کیلئے خود کو آئن لائن رجسٹر کروایاجو ایک بہت بڑی تعداد ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سرمایہ ہمارے درمیان موجود ہے، فیصل آباد کی خوش قسمتی ہے کہ استاد غلام علی نے فیصل آباد سے اس کا آغازکرکے اس شہر کو اعزاز بخشا۔

انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ نوجوانوں کو اپنے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا ایونٹ ہے،نصرت فتح علی خان پاکستان کا سرمایہ ہے جبکہ ہماراہمسایہ ملک موسیقی میں بہت آگے ہے تاہم ہمارے ملک میں بھی موسیقی کے بڑے نام موجود ہیں جن میں مزید اضافہ کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 22/04/2024 - 22:40:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :