ہدایتکار حسن طارق کی برسی منائی گئی

بدھ 24 اپریل 2024 12:10

ہدایتکار حسن طارق کی برسی منائی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور ہدایتکار حسن طارق کی برسی بدھ 24اپریل کو منائی گئی ۔حسن طارق 1927ء کو امرتسر، بھارتی پنجاب میں پیدا ہوئےتھے اور بعد ازاں تقسیم کے وقت ہجر ت کر کے پاکستان آ کر آباد ہو گئے ۔ فنی کیریئر کا آغاز بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کیا،48سالہ فنی کیریئر میں میں بے شمار فلموں میں ہدایتکاری کے فرائض سرانجام دئیے۔

انھوں نے اپنی فلمی کیریئر کا آغاز ہدایت کار جعفر ملک کی فلم سات لاکھ (فلم) سے بطور معاون ہدایت کار کیا۔ اگلے برس بطور ہدایت کار ان کی پہلی فلم نیند ریلیز ہوئی، جس نے بطور ہدایت کار ان کے نام کو بڑا مستحکم کیا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد حسن طارق نے 40 سے زائد فلموں کی ہدایات دیں جن میں سے بیشتر جیسے کہ امراؤ جان ادا، دیور بھابھی اور انجمن ،پاکستان کی فلمی صنعت کی یادگار فلموں میں شمار ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

بنجارن، شکوہ، قتل کے بعد، کنیز، مجبور، دیور بھابی، بہن بھائی، میرا گھر میری جنت، ماں بیٹا، پاک دامن، انجمن، وحشی، تہذیب، امراؤ جان ادا، پیاسا، بہشت، ثریا بھوپالی، اک گناہ اور سہی،بیگم جان، سنگدل اور سیتا مریم مارگریٹ ان کی چند ایسی ہی فلموں کے نام ہیں۔حسن طارق کو 1968ء میں بہن بھائی، 1970ء انجمن اور 1982ء میں سنگدل پر بہترین ہدایت کار کے نگار ایوارڈ کے اعزاز سے نوازا گیا۔حسن طارق نے خاندان میں اپنی پہلی شادی کے علاوہ انھوں نے اداکارہ نکہت سلطانہ ، مشہور رقاصہ ایمی مینوالا اور مشہور اداکارہ رانی سے شادی کی تھی۔حسن طارق 24 اپریل، 1982ء کو لاہورمیں وفات پاگئے۔ وہ گلبرگ کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔
وقت اشاعت : 24/04/2024 - 12:10:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :