شوہر اور خاندان والے نہیں چاہتے کہ اداکاری کروں، غنا علی

بدھ 21 مئی 2025 22:01

شوہر اور خاندان والے نہیں چاہتے کہ اداکاری کروں، غنا علی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2025ء) اداکارہ و ماڈل غنا علی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوہر اور ان کے والدین سمیت دیگر اہل خانہ نہیں چاہتے کہ وہ شوبز میں کام کریں لیکن اس باوجود وہ اداکاری کرتے رہنے کے لیے پر عزم ہیں۔غنا علی نے حال ہی میں انڈیپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں مختلف معاملات سمیت اداکاری چھوڑنے کی افواہوں پر بھی بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے دو فلموں کی شوٹنگ مکمل کروائی تھی لیکن دونوں فلمیں ریلیز نہ ہو سکیں۔ان کے مطابق انہوں نے ایک فلم مرحوم اداکار تنویر جمال کے ساتھ کی تھی اور اب ان کی وفات کے بعد مذکورہ فلم مشکل سے ریلیز ہو جب کہ دوسری فلم بھی پانچ سال مکمل ہوگئی تھی لیکن پروڈیوسرز کو اسے ریلیز کرنے کے حوالے سے کچھ سمجھ نہیں آ رہی۔

(جاری ہے)

مزید فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب وہ شادی شدہ ہیں، ہر طرح کا بولڈ کردار ادا نہیں کرسکتیں، اس لیے اچھے کردار کی پیش کش ہوگی تو وہ ضرور فلم میں کام کریں گی۔

اداکارہ نے شوبز انڈسٹری میں خواتین کے لیے کم کردار لکھے جانے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں زیادہ تر کردار 25 سال کی عمر تک کی لڑکیوں کے لیے لکھے جاتے ہیں۔غنا علی کے مطابق پاکستان میں 30 سال کی عمر کے بعد اداکاراوں کو مرکزی کردار نہیں ملتے، 35 سال کے بعد اداکارائیں بہن، بھابھی اور ماں کا کردار ادا کرنے لگتی ہیں اور وہ ایسے کردار ادا کرنا نہیں چاہتیں۔

انہوں نے دعوی کیا کہ ان کی عمر 31 برس ہے اور وہ بہن اور بھابھی کے کردار ادا نہیں کرنا چاہتیں۔شوبز چھوڑنے کے سوال پر غنا علی نے ایک بار پھر بتایا کہ مارچ 2025 میں ان کے انسٹاگرام اسٹوری میں ان کے شوبز چھوڑنے کی پوسٹ ان کے بھائی نے شیئر کی تھی، ان کا شوبز چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ اعتکاف میں تھیں، اس لیے ان کے بھائی نے ان کے موبائل سے شوبز چھوڑنے کی اسٹوری اس امید سے لگائی کہ شاید میں شوبز چھوڑنے پر راضی ہوجاوں۔

غنا علی نے اسی حوالے سے انکشاف کیا کہ ان کے بھائی اور خاندان کے دیگر افراد سمیت ان کے شوہر بھی نہیں چاہتے کہ وہ اداکاری کرتی رہیں لیکن ان کی محبت میں ہر کوئی خاموش ہے اور انہیں کام سے نہیں روکا جا رہا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اداکاری کرتے رہنے کے لیے پرعزم ہیں، اداکاری کرنا ان کا جنون اور شوق ہے، وہ شوبز میں رہیں گی اور اداکاری کرتی رہیں گی۔
وقت اشاعت : 21/05/2025 - 22:01:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :