بھارتی شہریت کیسے ملی عدنان سمیع خان نے پہلی باربتا دیا

منگل 3 جون 2025 20:46

بھارتی شہریت کیسے ملی عدنان سمیع خان نے پہلی باربتا دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2025ء)پاکستانی شہریت چھوڑ کر بھارتی شہریت اپنانے والے گلوکارعدنان سمیع خان نے تقریبا ایک دہائی بعد پہلی بار واضح بتایا ہے کہ انہیں کس طرح بھارت کی شہریت ملی۔عدنان سمیع خان کو دسمبر 2015 میں بھارتی شہریت دی گئی تھی، اس سے قبل وہ پاکستانی شہری تھے، وہ پاکستان میں پیدا ہوئے، پلے بڑھے اور موسیقار بن کر شہرت حاصل کی۔

حال ہی میں عدنان سمیع خان نے آپ کی عدالت نامی بھارتی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے تنازعات اور کشیدگیوں پر بھی بات کی اور متعدد مواقع پر بھارتیوں کو خوش کرنے کے لیے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی بھی کی۔پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی شہریت کے حوالے سے بھی بات کی اور بتایا کہ 2005 میں اس وقت کے پاکستانی صدر جنرل پرویز مشرف نے ان کے والد کو خط لکھ کر اس بات پر اظہار افسوس کیا تھا کہ ان کے بیٹے نے پاکستانی شہریت چھوڑ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پرویز مشرف کو کسی نے غلط معلومات دی تھی، اس وقت تک ان کے پاس بھارتی شہریت نہیں تھی لیکن چوں کہ صدر کو غلط معلومات دی گئی تھی اس لیے ان کے ساتھ پاکستانی عہدیداروں نے غلط رویے بھی اختیار کیے۔ان کے مطابق اس وقت ان کے پاکستانی پاسپورٹ کی مدت ختم ہوگئی تھی اور انہیں نیا پاسپورٹ درکار تھا، انہوں نے دہلی میں موجود ہائی کمیشن میں درخواست بھی دی لیکن انہیں نیا پاسپورٹ جاری نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ ویزہ پر بھارت میں ٹھہرے ہوئے تھے، پاکستانی پاسپورٹ ملنے کے بعد ہی ان کا ویزہ بھی نیا ہونا تھا لیکن پاکستان نے پاسپورٹ دینے سے انکار کیا۔عدنان سمیع کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کے انکار کے بعد انہوں نے وزارت خارجہ کے ایک اعلی عہدیدار سے بات کی جو کہ ان کے والد کے دوست تھے، جنہوں نے انہیں بتایا کہ ان کا پاسپورٹ حکومت جاری نہیں کرے گی۔

گلوکار کے مطابق اسی عہدیدار نے انہیں بتایا کہ اور اگر آپ پاکستان آئے تو حکومت آپ کے ساتھ کیا کرے گی، یہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔عدنان سمیع خان کا کہنا تھا کہ مذکورہ افسر سے بات چیت کے بعد انہوں نے بھارتی وزارت داخلہ کو روداد سنائی اور ویزہ بڑھانے کی درخواست دی، اس وقت تک انہوں نے شہریت کی درخواست بھی دے دی تھی۔گلوکار کے مطابق ان کی شہریت کی درخواست دو بار مسترد ہوئی لیکن پھر 2015 میں بھارتی حکومت نے انڈین سیٹزن شپ ایکٹ 1995 کے سیکشن 6 کے تحت انہیں شہریت دی۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سیکشن کے تحت حکومت کے پاس اختیار ہوتا ہے کہ وہ فنون لطیفہ، سائنس یا اسپورٹس میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو شہریت دے اور انہیں اسی سیکشن کے تحت موسیقی میں خدمات دینے کے عوض شہریت ملی۔عدنان سمیع خان نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کبھی حکومت نے ان کی قدر نہیں کی، نہ انہیں کبھی سرکاری ایوارڈ ملا جب کہ بھارت میں نہ صرف ان کی قدر کی گئی بلکہ انہیں جلد ہی سرکاری ایوارڈ بھی دیا گیا۔

انہوں نے اس تاثر کو یکسر مسترد کردیا کہ انہوں نے پیسوں کی لالچ میں بھارتی شہریت لی۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھارتی شہریت لینے کے بعد پاکستان میں اپنے خاندان کی کروڑوں روپے کی جائیداد چھوڑی، بھارت میں دوبارہ سے کیریئر اور زندگی شروع کی اور اپنا مقام حاصل کیا۔عدنان سمیع خان نے پروگرام میں متعدد بار پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی بھی کی اور یہ بھی کہا کہ پاکستان میں فنکاروں کی حکومتی سطح پر کوئی مدد نہیں کی جاتی، وہاں کا عوام فنکاروں کو محبت اور عزت دیتا ہے۔
وقت اشاعت : 03/06/2025 - 20:46:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :