پاکستان فلم انڈسٹری کا بحران کافی حد تک دور ہو گیا، لاہور میں معیاری فلمیں بنا نے کی ضرورت ہے

مقامی فلموں کے فروغ کیلئے بھارتی فلموں کی نمائش بند کردینا چاہیے، ہمارے ہاں ٹیلنٹڈ ڈائریکٹر، اداکار اورہنر مند موجودہیں، اداکار مصطفی قریشی، صائمہ سینما مالکان کے رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے، فلموں کی تعداد بڑھانے سے فلم انڈسٹری کا بحران دور کرنے میں مدد ملے گی، ہدایت کار الطاف حسین ،سید نور ہم اچھی اورمعیاری فلمیں لگانے سے کبھی انکاری نہیں، سینما مالکان

اتوار 20 ستمبر 2015 16:02

پاکستان فلم انڈسٹری کا بحران کافی حد تک دور ہو گیا، لاہور میں معیاری فلمیں بنا نے کی ضرورت ہے

لاہور ۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 ستمبر۔2015ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے بحران کا اثر کراچی میں کافی حد تک دور ہو گیا ہے اور وہاں پر تیار کردہ فلمیں اچھا بزنس کر رہی ہیں مگر لاہور کے فلم اسٹوڈیوز میں بے روزگاری اور ورکرز کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔لاہور کے سنجیدہ فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک خوش آئند ہے کہ پاکستان بھر میں جدید سینماگھروں کی تعمیر اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی فلموں کی ریلیز کی طرف رحجان دوبارہ بڑھا ہے مگر اب لاہور میں بھی معیاری اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی فلموں کا سلسلہ تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔

اس سلسلے میں معروف اداکار مصطفی قریشی نے کہا کہ اب ہمیں مقامی فلموں کے فروغ کے لیے بھارتی فلموں کی نمائش بند کردینا چاہیے ۔

(جاری ہے)

اگر مقامی فلمیں معیاری اور اچھے سکرپٹس اور میوزک کے ہمراہ بننا شروع ہو جائیں تو ہماری فلم انڈسٹری ترقی کر سکتی ہے ۔ہدایت کار الطاف حسین نے کہا کہ ہم نے ماضی میں محد ود وسائل میں رہ کر اچھی فلمیں بنائی ہیں تو آج بھی جدید ٹیکنالوجی کے ہوتے ہوئے معیاری فلمیں بنائی جاسکتی ہیں مگر اس کے لیے جدید سینما مالکان کو اپنے رویے بدلنے کی ضرورت ہے ۔

اس سلسلے میں جدید سینما مالکان کا موقف ہے کہ جب کو ئی اچھی اور معیاری فلم ملے گی اور عوام کا رجحان بھی فلم کو ملے گا تو ہم ضرور فلم کے شوز بھی بڑھا دیں گے اور فلم کی نمائش کے لیے مناسب وقت بھی دیں گے۔ہدایت کار سید نور نے کہا کہ اس وقت نئے لوگوں کی فلمیں کامیاب ہو رہی ہیں اور معیاری بھی ہیں مگر ابھی فلموں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے اس سے فلم انڈسٹری کا بحران دور کرنے میں مدد ملے گی۔

فلمسٹار صائمہ نے کہا کہ اس وقت مقامی فلموں کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے ،ہمارے ہاں ٹیلنٹڈ ڈائریکٹر، اداکار اور دیگر ہنر مند موجودہیں میں کبھی بھی بھارتی فلموں اور وہاں کام کرنے والوں سے متاثر نہیں ہوئی۔لاہور میں گلستان سینما کے مالک عارف خان نے کہا کہ ہم اچھی اورمعیاری پاکستانی فلمیں لگانے سے کبھی بھی انکاری نہیں رہے۔البتہ ہمارے فلمساز زیادہ فلمیں نہیں بنا رہے یں جس کی وجہ سے غیر ملکی فلموں کی ضرورت رہتی ہے۔

شبستان سینما کے ترجمان نے کہا کہ اگر ہماری مطلوبہ ضرورت کے مطابق اچھی فلمیں مل جائیں تو ہم مقامی فلموں کی نمائش کو ہی ترجیح دیں گے۔ ذر ائع کے مطابق پاکستان بھر میں 70فیصد کے قریب جدید سینما بن چکے ہیں اور مزید بن رہے ہیں۔لہذا اب جدید ٹیکنالوجی کے ہمراہ معیاری فلمیں سینماؤں کی اشد ضرورت ہیں ۔

وقت اشاعت : 20/09/2015 - 16:02:31

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :