میں نے شادی کی ، اوروں کی طرح حرام رشتے نہیں رکھے

ہمارا دین ہمیں سکھاتا ہے کہ آپ شادی کریں۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 11 فروری 2022 12:29

میں نے شادی کی ، اوروں کی طرح حرام رشتے نہیں رکھے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 فروری 2022ء) : پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہاکہ میں نے شادی کی ہے، اوروں کی طرح حرام رشتے نہیں رکھے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل 92 نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں سکھاتا ہے کہ آپ شادی کریں ، طلاق اور خلع کو فوقیت نہ دیں لیکن اگر کوئی لینا چاہے تو اسے نہ روکیں۔

انہوں نے کہا کہ میں تو بار بار پاکستان تحریک انصاف کو تبدیلی یاد دلاتا ہوں کہ تبدیلی آنی چاہئیے۔ وزیراعظم عمران خان مارچ میں کابینہ میں بہت اہم تبدیلیاں لے کر آ رہے ہیں۔ کچھ گرفتاریاں بھی مجھے نظر آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ عمران خان ایوان کا اعتماد کھو دیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کا کہنا تھا کہ میری سابقہ پارٹی کے سربراہ الطاف حسین تھے ، موجودہ ایم کیو ایم میری سابقہ پارٹی نہیں ہے، یہ تو کچھ لو اور دو کی پالیسی پر چلتے ہیں۔

اپنی شادی سے متعلق سوال کے جواب میں عامر لیاقت حسین نے کہاکہ سرائیکی اور مہاجر قوم ہوئی ہیں۔ انہوں نے فیصل واوڈا سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا ایک اچھا انسان ہے، لیکن انہیں جوتا پڑ گیا ہے، مجھے پالیشیا کہا گیا ، ہاں میں ہوں لیکن فوج کا، بھارت کا نہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی کر لی ہے۔

گذشتہ روز عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی تیسری بیوی کے ہمراہ تصویر شئیر کی۔ اور کیپشن میں لکھا کہ گذشتہ رات میں نے 18 سالہ سیدہ دانیا شاہ کے ساتھ نکاح کر لیا۔ دانیا ایک مہذب نجیب الطرفین سادات خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جس کا تعلق پنجاب کے شہر لودھراں سے ہے۔ انسٹا گرام پوسٹ میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنے چاہنے والوں اور مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

اور گذشتہ شادی سے متعلق کہا کہ میں ایک اندھیری سرنگ سے نکل کر آیا ہوں، میں غلط سمت میں مڑ گیا تھا۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی اس شادی نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سوشل میڈیا پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی تیسری بیوی کے ہمراہ کئی ٹک ٹاک ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں جن پر سوشل میڈیا صارفین کئی تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 11/02/2022 - 12:29:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :