فلم اے دل ہے مشکل کی پاکستان میں ریلیز نہ ہونے پر افسوس ہے ٬ عمران عباس

فلم میں پاکستانی اداکار فواد خان کے علاوہ عمران عباس نے بھی بطور مہمان اداکار کام کیا ہے

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 19:45

فلم اے دل ہے مشکل کی پاکستان میں ریلیز نہ ہونے پر افسوس ہے ٬ عمران عباس
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) معروف اداکار عمران عباس نے کہا ہے کہ انھیں فلم ’اے دلِ ہے مشکل' کے پاکستان میں ریلیز نہ ہونے کا افسوس ہے کیونکہ یہ ایک بہت ہی خوبصورت رومانوی فلم ہے۔اے دل ہے مشکل میں پاکستانی اداکار فواد خان کے علاوہ عمران عباس نے بھی بطور مہمان اداکار کام کیا ہے۔عمران عباس نے کہا کہ اس فلم میں انھوں نے انوشکا شرما کے بوائے فرینڈ کا کردار ادا کیا ہے۔

'یہ ایک مختصر مگر دلچسپ اور مزاحیہ سا کردار ہے جس کی شوٹنگ ایک سال پہلے لندن میں ہوئی تھی اور اس کا ایک گانا چند ماہ پہلے ممبئی میں فلمایاگیا تھا تاہم اس کے چند مزید سین ریکارڈ نہیں ہو سکے کیونکہ اسی دوران پاکستان اور بھارت میں جو حالات تھے اس کے بعد انھیں فلمانا ممکن نہیں تھا۔

(جاری ہے)

‘تاہم ان کا کہنا تھا کہ فلم میں اصل کردار تو انوشکا شرما٬ ایشوریہ رائے اور رنبیر کپور کا ہی ہے اور اگر ان کے کچھ سین فلم بند نہیں ہو سکے تو اس سے شاید فلم پر کوئی فرق نہ پڑے کیونکہ اکثر فلم کے بہت سے سین فلم کے دورانیے کو کم رکھنے کی وجہ سے ہٹادیے جاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کرن جوہر ان کے بہت اچھے دوست ہیں اور وہ بہت اچھے ہدایت کار بھی ہیں اس لیے جب انھوں نے اس فلم کے لیے کہا تو وہ منع نہیں کر سکے۔ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھار دوستوں کے لیے مہمان اداکار کے طور پر کام کرنا پڑتا ہے۔ اس فلم میں عالیہ بھٹ اور شاہ رٴْخ خان بھی بطور مہمان اداکار شامل ہوئے ہیں جبکہ فواد خان کا کردار اگرچہ مختصر ہی ہے مگر دیگر مہمان اداکاروں سے کچھ زیادہ ہے۔۔
وقت اشاعت : 29/10/2016 - 19:45:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :