پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کا فوگ اینڈ سموگ سے بچائو کیلئے معلوماتی لیکچرز دینے کی مہم کا آغاز ، ظہیر عباس فوکل پرسن مقرر

جمعرات 17 اکتوبر 2019 14:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے موبائل ایجوکیشن یونٹ نے موسم کی تبدیلی اور سرما کی آمد کے باعث ممکنہ فوگ اینڈ سموگ سے بچائو کیلئے معلوماتی لیکچرز دینے کی خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے جس میں بس سٹینڈ ز، ٹیکسی سٹینڈ ز،پبلک مقامات اور سرکاری سکولز و کالجز میں شاہرات پر محفوظ سفر اور ٹریفک قوانین سے آگاہی کیلئے خصوصی لیکچر زدیئے جائیں گے۔

پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس پوسٹس فیصل آبا دریجن کے ترجمان نے بتایاکہ اس ضمن میں ایس پی ، پی ایچ پی کی جانب سے ظہیر عباس کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔انہوںنے بتایاکہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر بدلتے ہوئے اس موسم میں ممکنہ فوگ اینڈ سموگ کی صورتحال سے نپٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کو بھر پور انتظامی و انسدادی اقدامات کی ہدائت کی گئی ہے تاکہ سموگ کی صورت میں اس کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے مسافر اور شہری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں تاکہ ان کی صحت کا تحفظ کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سردی کے موسم میں دھند اور دھو یںکی آمیزش سے ماحول میں سموگ کی صورتحال انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہو سکتی ہے جس سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی بہترین اقدام ہے ۔ انہوںنے طالب علموں سے کہا کہ وہ اپنے خاندانوں کے افراد کے علاوہ محلے داروں اور اردگرد کے افراد کو سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کے طریقوں سے آگاہ کریں ۔

انہوں نے بتایا کہ کوڑا کرکٹ کو جلانے و دھواں دینے والی گاڑیوں کے چلنے پر پابندی اور اینٹوں کے بھٹوں کی بندش کے علاوہ گردوغبار کے تدارک کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں اور خشک مٹی والی جگہ پر پانی کا چھڑکائو کریں ۔ انہوںنے موسمی تغیرات کے نقصانات پر قابو پانے کیلئے حکومت کے صحیح سمت اقدامات اور پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری اور درختوں کی حفاظت سے موسمی تبدیلیوں کے منفی اثرات پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران سے اپیل کی کہ وہ سموگ اینڈ فوگ سمیت دیگر سماجی مسائل پر قابو پانے کیلئے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی خرابیوں کا بروقت ادراک کیا گیا ہے کیونکہ مستقبل میں ان چیلنجز کا مقابلہ پوری تیاری کے ساتھ کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کی صورتحال میں صحت کے بچائو کیلئے ہر گھر میں احتیاطی اقدامات ضرور کئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ دھرتی کا ماں کی طرح خیال رکھا جائے تاکہ اسکے تحفظ سے آئندہ نسلوں کا ماحول خوشگوار اور سازگار رہے ۔ انہوںنے بتایاکہشعور و آگہی کے چشمے تعلیمی اداروں سے پھوٹتے ہیں جس سے شہریوں کی صحیح سمت رہنمائی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ماحولیاتی تحفظ حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے اور سر سبز پاکستان کیلئے ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے ممکنہ سموگ سے متعلق آگاہی اور انسدادی اقدامات کو کامیاب بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض محکمہ صحت ڈاکٹر بلال احمد نے سموگ کی وجوہات، احتیاطی تدابیر اور مثاترین کیلئے علاج معالجے کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سموگ اینڈ فوگ کے دوران شہری گھروں کی کھڑیاں اور دروازے بند رکھیں نیز باہر نکلنے کیلئے ماسک استعمال کریں اور زیادہ پانی پئیں ۔علاوہ ازیں ہاتھ، چہرہ ناک اور آنکھوں کو باربار دھوئیں اور گھروں میں صفائی کیلئے جھاڑو کے استعمال کی بجائے گیلا کپڑا استعمال کریں۔

Browse Latest Weather News in Urdu