این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام مون سون تیاری کانفرنس کا انعقاد

جمعہ 13 مئی 2022 11:25

این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام مون سون تیاری کانفرنس کا انعقاد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2022ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے جمعرات کے روز اسلام آبادمیں قومی مون سون تیاری کانفرنس کا انعقاد کیا۔کانفرنس کا مقصدماحولیاتی تبدیلیوں اور حالیہ گرمی کی شدید لہر سے موئثر انداز میں نمٹنے کے لیے وفاقی، صوبائی اور دیگر تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی تیاری کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کے مابین ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو بہتر بناناتھا۔



 کانفرنس کی صدارت چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نوازنے کی۔کانفرنس میں شرکت کے لیے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے علاوہ فاقی اورصوبائی اداروں کے اعلی عہدیداران بشمول مسلح افواج،نیشنل ہائی وے اتھارٹی،فیڈرل فلڈ کمشن، واپڈا، محکمہ آبپاشی، ریلوے،سپارکو، ایف ڈبلیو او، محکمہ موسمیات پاکستان، اقوام متحدہ کی ایجنسیز اورانسانی امداد کے  فلاحی اداروں /تنظیموں کے نمائندگان شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر این ڈی ایم اے کی جانب سے سالانہ مون سون پلان برائے 2022کا اجراء بھی کیا گیا۔

کانفرنس کے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے پاکستان پر اثرات اور پاکستان کی مختلف قدرتی آفات بالخصوص سیلاب اور کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات اور مختلف سٹیک ہولڈرز کی تیاری اور باہمی رابطے کو انسانی اور مالی نقصانات سے بچنے کے لیے ناگزیرقرار دیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے پیشگی اور بروقت ہنگامی اطلاع کے سسٹم، عام لوگوں تک معلومات کی رسائی اور آگہی، معاشرتی سطح  پر متحرک ہونے اور اداروں کے بروقت ریسپانس پر زور دیا ۔چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کے منفی اثرات کو بھی مد نظر رکھنا ہے جوخطے میں شدید گرمی کی لہر اور برفانی جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلاب (GLOF) کا سبب بن رہے ہیں۔

مون سون پلان کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے آفات سے نمٹنے کے نظام کو مزید موئثر اور فعال بنانے اور بر وقت الرٹ جاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

کانفرنس میں شریک مختلف اداروں کے نمائندگان نے محکمانہ تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور کسی بھی نا گہانی صورتحال میں عوام کے جانی اور مالی نقصان سے بچاؤ  کے لیے بر وقت اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Browse Latest Weather News in Urdu