بیٹے کی غلطی پر باپ نے اپنے آپ کوہی پیٹ ڈالا

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 9 دسمبر 2017 19:21

بیٹے کی غلطی پر باپ نے اپنے آپ کوہی پیٹ ڈالا

بڑے ہوتے بچے غلطیاں کر ہی دیتے ہیں۔ آپ کے خیال میں غلطی کرنے پر والدین کو بچوں کو کیسے سمجھانا چاہیے کہ وہ دوبارہ اس طرح کی غلطی نہ  کریں؟ اپنے خیالات تو آپ نیچے تبصرے  میں شیئر کر سکتے ہیں لیکن ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ایک چینی باپ نے بیٹے کو غلطی پر کس طرح سزا دی۔
پچھلے ماہ انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو کافی وائر ل ہوئی تھی۔ یہ ویڈیو اب  پھر سے  سپر وائرل ہو رہی ہے۔

اس ویڈیو میں ایک باپ کو بچوں کی تربیت کےلیے خودساختہ  غیر معمولی طریقہ اختیار کرتے دکھایا گیا ہے۔اس ویڈیو کو اس شخص کی بیٹی نے ریکارڈ کیا ہے۔ ویڈیو میں موجود شخص اپنے بیٹے کو موبائل سکول میں لے جانے اور اس پر گیمز کھیلنے پر ڈانٹ رہا ہے جبکہ بیٹا یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ استاد نے خود موبائل سکول میں لانے کا کہا تھا۔

(جاری ہے)


ویڈیو میں باپ کہتا ہے کہ ”کیا ڈیڈ نے آپ کو نہیں سکھایا تھا؟“ اس پر بیٹا جواب دیتا ہے کہ اسے سکھایا گیا تھا تو باپ دوبارہ پوچھتا ہے ، ”آپ کو سکھایا گیا تھا لیکن  آپ نے نہیں سیکھا؟“ اس پر بیٹا "تین کلاسیک کرداروں"  سے ماخوذ ایک چینی محاورہ بولتا ہے۔

"بغیر سختی کیے پڑھانا استاد کی کوتاہی ہے"۔ یہ سن کر والد ایک مختلف حکمت عملی اپناتا ہے۔ وہ اپنے بیٹے کے ہاتھوں میں ایک پتلی سی چھڑی پکڑا کر گھٹنوں کے بل بیٹھ جاتا ہے اور کہتا ہے،" اس بار آپ  کا قصور آپ کے   ڈیڈ کی غلطی ہے۔ ڈیڈ نے آپ کو ٹھیک طرح سے نہیں سمجھایا تھا۔ ڈیڈ اسے  اپنی غلطی مانتے ہیں."
اس کے ساتھ ہی وہ اسے سزا کے طور پر اپنی پیٹھ پہ چھڑی برسانے کو کہتے ہیں۔

خوفزدہ بچہ انکار کرتا ہے۔ "جب میں نے مارنے کو کہا ہے تو مارو۔ یہ میری غلطی ہے۔ آپ نے سنا میں کیا کہہ رہا ہوں۔ جلدی کرو،مجھے مارو۔" باپ کے چلانے پر بیٹا رونے لگتا ہے۔ کچھ مزید چیخنے چلانے کے بعد باپ اپنے بیٹے سے چھڑی واپس لے کر اپنی کمر پر برسانا شروع کر دیتا ہے اور ساتھ ساتھ چلاتا جاتا ہے: "میری غلطی ہے۔ میں نے اپنے بیٹے کو نہیں سکھایا۔

میری غلطی، میری غلطی، میری غلطی۔۔۔۔"
اس دوران اس کا بیٹا سسکیاں بھرنا جاری رکھتا ہے جبکہ بیٹی اسے ایسا نہ  کرنے  کی درخواست کرتی ہے۔
"ڈیڈ نے آپ کو اچھے سے نہیں سمجھایا۔ آپ گیمز کھیلنے کے لیے اپنا موبائل اسکول لے کر جاتے ہیں۔ کیا آپ اب بھی یہی کہنا چاہو گے کہ آپ کے استاد نے موبائل ساتھ لانے کو کہا تھا؟" والد خود کو سزا دیتے ہوئے کہتا رہتا ہے۔


اس کا بیٹا روتے ہوئے جواب دیتا ہے، "نہیں، میں نے اسے غلط سنا تھا۔"
"اس بار ڈیڈ آپ کی سزا بھگتے گا۔ اگلی بار یہ چھڑی آپ کی کمر پر پڑے گی۔ تاہم جتنی چھڑیاں آپ کے ڈیڈ کی کمر پر پڑی ہیں، اتنی ہی بار آپ پر پڑیں گی۔" والد دھمکی دیتا ہے۔
اگرچہ اس آدمی کے اس قابل اعتراض تربیتی طریقے کو عام طور پر انٹرنیٹ پہ زیادہ مقبولیت نہیں ملی لیکن بہت لوگوں نے تسلیم کیا کہ  اب وہ بچہ آئندہ اپنا موبائل اسکول لے جانے کی جرات نہیں کرے گا۔

Browse Latest Weird News in Urdu