بغیر کسی بیماری کے اپنے صحت مند بیٹے کو 323 بار ہسپتال لے جانے اور 13 بڑے آپریشن کروانے والی عجیب و غریب ماں

Ameen Akbar امین اکبر پیر 18 دسمبر 2017 23:39

بغیر کسی بیماری کے اپنے صحت مند بیٹے کو 323  بار ہسپتال لے جانے اور 13 بڑے  آپریشن کروانے والی عجیب و غریب ماں
والدین ہمیشہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں لیکن کچھ اس معاملے میں حد اعتدال سے بڑھ جاتے ہیں اور الٹا ان کا نقصان کر بیٹھتے ہیں جیسے کہ ڈیلاس، ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی کیلین بون رائٹ ،جو کہ اپنے بیٹے کو اب تک 323  بار ہسپتال میں لے جا چکی ہے اورسخت بیماری کا جھوٹ بول کر ڈاکٹروں سے بچے کے 13 بڑے آپریشن کروا چکی ہے ۔ کرسٹوفر نامی یہ بچہ اب آٹھ سال کا ہے لیکن اس کی زندگی ڈاکٹرز کے دفاتر میں گزری ہےاور اس کے درجن سے  زیادہ آپریشن ہو چکے ہیں جن سے اس کی زندگی کو لاحق  خطرات بلڈ انفیکشن  کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔


یہ سلسلہ کرسٹوفر کی پیدائش کے بعد ہی شروع ہو گیا تھا اور 2015 تک جاری رہا جب ہیوسٹن میں ٹیکساس چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹروں نے  دیکھا کہ بچے کی ماں کے بیانات اور بچے کی ظاہری مجموعی حالت میں تضاد پایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چائلڈ پروٹیکٹیو سروسز (CPS) کو اطلاع دے دی اور اس طرح بچے کی ماں کو بچے کو تکلیف پہنچانے کے الزام  میں گرفتار کر لیا گیا۔

  بعد ازاں 34 سالہ خاتون نے تسلیم کیا کہ وہ ڈاکٹرز سے جھوٹ بولتی تھی کہ اس کا بیٹا شدید بیمار ہے جس کا نتیجہ بہت سی طبی پیچیدگیوں کی شکل میں سامنے آیا۔بچے کی ماں نے  لوگوں سے ہمدردی اور پیسہ حاصل کرنے کے لیے  کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ پر ایک پیج بھی بنایا تھا۔ حکام نےبچے کو حفاظتی تحویل میں  لے کر ایک فلاحی ادار ے میں بھجوا دیا اہے جبکہ بچے کا باپ اسے حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu