بھارتی جوڑے نے شادی کے تحفے میں ’بٹ کوائن‘ طلب کرلیے

ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح ٹیکنالوجی ہر معاملے میں آگے آئی ہے‘ ایسے ہی اسے مستقبل کے تحائف کے طور پر دیکھنے کا سلسلہ شروع ہوجائے، پرشانت شرما

جمعہ 22 دسمبر 2017 21:38

بھارتی جوڑے نے شادی کے تحفے میں ’بٹ کوائن‘ طلب کرلیے
بنگلور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 دسمبر2017ء) جنوبی بھارت کے علاقے بنگلور میں ایک جوڑے نے اپنی شادی کے تحفے میں ’بٹ کوائن‘ طلب کرکے کرپٹو کرنسی کو بطور تحفہ رائج کرنے کی ابتدا کردی‘ یاد رہے کہ سنہ 2010 میں بٹ کوائن اتنے سستے تھے کہ 10 ہزار یونٹ میں محض 2 پیزا خریدے جاسکتے تھے۔تفصیلات کے مطابق بنگلورمیں رہنے والے پرشانت شرما اور نیتی جو کہ ایک ڈیجیٹل کمپنی کے مالک ہیں ‘ انہوں نے اپنی شادی کیموقع پر عزیز و اقارب سے تحفے کے طور پر بٹ کوائن دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ان دونوں کے بہت سے دوست بھی مختلف ٹیکنالوجی کمپنیز سے وابستہ ہیں اور سب نے ان کی اس خواہش کو خوش آمدید کہا۔پرشانت شرما کا کہنا ہے ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح ٹیکنالوجی ہر معاملے میں آگے آئی ہے‘ ایسے ہی اسے مستقبل کے تحائف کے طور پر دیکھنے کا سلسلہ شروع ہوجائے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ہم نے سب سے پہلے اپنے والدین سے بات کی اور ان کا ردعمل انتہائی مثبت رہا۔

اس جوڑیکی شادی 9 دسمبر کو ہوئی اور شادی سے محض چار دن قبل بھارت کے سنٹرل بنک نے بٹ کوائن میں انویسٹمنٹ کرنے والوں کو تیسری بار وارننگ جاری کی ہے کہ وہ ایسا اپنے رسک پر کریں۔ تاہم اس جوڑے کے دوستوں اور اہل خانہ کو اس وارننگ نے کوئی خاص متاثر نہیں کیا۔پرشانت اور نیتی کا یہ تجربہ انتہائی کامیاب رہا اور تقریب میں شریک 200 مہمانوں میں سے محض 15 افراد نے انہیں روایتی تحفے دیے باقی سب نے انہیں بٹ کوائن خرید کردیے۔

سلامی میں ملنے والے ان بٹ کوائن کی قیمت بھارتی کرنسی کے حساب سے لگ بھگ ایک لاکھ روپے ہے جو کہ ڈیڑھ ہزار امریکی ڈالر کے برابر ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بٹ کوائن کرنسی کی دنیا میں اپنا مقام منفرد سے منفرد کرتی جارہی ہے اور ایسے ہی بٹ کوائن کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا گیا تو مستقبل قریب میں دنیا بھر بٹ کوائن کی حاکمیت قائم ہو جائے گی جس کا ایک ثبوت ایک بٹ کوائن کا 18 ہزار ڈالرز سے بھی تجاوز کر جانا ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu