وفادار کتا مالک کے مرنے کے مہینوں بعد بھی ہسپتال کے باہر بیٹھا مالک کا انتظار کررہا ہے

Ameen Akbar امین اکبر منگل 20 مارچ 2018 08:38

وفادار کتا مالک کے مرنے کے مہینوں  بعد بھی ہسپتال کے باہر بیٹھا مالک کا انتظار کررہا ہے

سان پاؤلو، برازیل میں ہسپتال کے باہر بیٹھے ایک بے نام  کتے نے وفاداری کی نئی مثال قائم کر دی ہے۔ یہ کتا پہلی  بار ہسپتال کے باہر اس وقت نظر آیا تھا، جب اس کے مالک 59 سالہ  بے گھر شخص کو ایمبولینس میں ہسپتال میں لایا گیا تھا۔ یہ شخص ایک تنازعے میں زخمی ہوا تھا۔ ایمبولینس کے عملے نے بعد میں اپنے ساتھیوں کو بتایا کہ یہ کتا دوران سفر بھی ان کی گاڑی کے پیچھے دوڑتا رہا تھا۔

اس کتے کا  زخمی مالک تو  زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا لیکن یہ کتا اکتوبر سے ہسپتال کے گیٹ پر بیٹھا ہوا ہے۔
ہسپتال آنے جانے والے لوگ بھی اب اس کتے سے مانوس ہوگئے ہیں۔ لوگ اس کتے کو کھانا بھی دیتے ہیں جبکہ ایک شخص نے اس کے انتظار کو آرام دہ بنانے کے لیے اسے ایک کمبل بھی دے دیا۔پچھلے چار ماہ میں اس کتے نے ایک بار بھی ہسپتال میں داخل ہونے کی کوشش نہیں کی حالانکہ یہ بار ہستپال کے سلائیڈنگ  دروازے کھلے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

یہ کتا ہر وقت اپنے چھوٹے سے کمبل میں بیٹھا  ہسپتال کی طرف  سے آنے والوں کو دیکھتا رہتا ہے۔ اسے امید ہے کہ شاید اس کا مالک اب باہر نکل آئے۔
پچھلے ہفتے جب ایک وکیل نے اس کتے کی چند تصاویر اپنے فیس بک آکاؤنت سے پوسٹ کی تو یہ ساری دنیا میں وائرل ہو گئیں۔ تصویریں دیکھ کر جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے سربراہ اس کتے کو اپنے ساتھ لے گئے لیکن کچھ دیر بھی یہ کتا پھر فرار ہو کر، تین کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے واپس اپنی جگہ پر آگیا۔ یہ صورتحال دیکھ کر ہسپتال میں کام کرنے والی ریسپشنسٹ نے اسے اپنا لیا ہے۔ اب یہ کتا اپنی نئی مالکن کے ساتھ کافی خوش ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu