تین منزلہ مکان کو مسمار ہونے سے بچانے کے لیے کسان اسے 40 میٹر دور لے گیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 4 اپریل 2018 23:42

تین منزلہ مکان کو مسمار ہونے سے بچانے کے لیے کسان اسے 40 میٹر دور لے گیا
جنوبی چین کے صوبے جیانگشی میں ایک کسان اپنا تین منزلہ مکان سڑک کی تعمیر والی جگہ سے 40 میٹر دور منتقل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔اس مقصد کے لیے اس نے لکڑی کے تختوں اورونچ کا استعمال کیا تھا۔
گاؤ یپینگ نے 2014 میں زہوشی ٹاؤن میں اپنا تین منزلہ مکان تعمیر کروایا تھا۔اس مکان میں اپنے خاندان کے ہمراہ رہتے ہوئے ابھی اسے صرف ایک سال ہی گزرا تھا کہ مقامی افسران کی طرف سے اسے بتایا گیا کہ اس کا مکان ایک نئی تعمیر ہونے والی سٹرک کے عین درمیان  میں  واقع ہے لہٰذا اسے مسمار کر دیا جائے گا۔

حکومت  اسے اس کے بدلے کچھ معاوضہ ادا کرنے کو تیار تھی لیکن گاؤ جس نے ایک ملین یوان (1 لاکھ 60 ہزار ڈالر) اور کئی سال اپنے خوابوں کے مرکز اس مکان کی تعمیر پر خرچ کیے تھے،اتنی جلدی مکان کو منہدم ہوتے نہیں دیکھ سکتا تھا۔

(جاری ہے)

لہٰذا اس نے اپنے دوست کے مشورے پر مختلف فاصلوں پر مکانات منتقل کرنے والی کمپنیوں سے رابطہ کرنے کا سوچا۔
کسان کو چینی حکومت سے 4 لاکھ یوان (63 ہزار ڈالر ) ملنے کی امید تھی تاکہ وہ اپنا گھر نئے سرے سے تعمیر کر سکے۔

چنانچہ  اس نے وہ تمام رقم خوشی خوشی مکانات منتقل کرنے والی کمپنی کو دینے کا فیصلہ کر لیا۔ آخرکار ایک کمپنی نے اسے بتایا کہ اس کا مکان منتقل کیا جا سکتا ہے۔اس کے بعد کمپنی نے تقریباً ڈیڑھ ماہ میں اس کا مکان 40 میٹر کے فاصلے پر منتقل کر دیا۔ حیرت انگیز طور پر  تین منزلہ مکان کی منتقلی کے دوران اسے زیادہ نقصان بھی نہیں پہنچا۔ گاؤ کا کہنا ہے کہ اس نے نئی جگہ پر مکان کی بنیاد زیادہ مضبوط بنائی ہے اب یہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔

خوش قسمتی سے گاؤ کو چینی حکومت کی طرف سے 6 لاکھ 80 ہزار یوان یا 1 لاکھ 8 ہزار ڈالر ملے۔مکان منتقل کرنے والی کمپنی کو ادائیگی کرنے کے بعد بھی گاؤ کے پاس کافی رقم بچ گئی۔ گاؤ کا کہنا ہے کہ نئے سرے سے مکان بنانے کی بجائے مکان منتقل کر کے وہ زیادہ فائدے میں رہا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu