مدھیا پردیش کی 72 سالہ "سپر وومین" ٹائپسٹ وائرل ہوگئی

Ameen Akbar امین اکبر منگل 19 جون 2018 23:21

مدھیا پردیش کی 72 سالہ "سپر وومین" ٹائپسٹ  وائرل ہوگئی
سیہور، مدھیا پردیش کی 72 سالہ لکشمی بائی کا ذریعہ معاش ٹائپنگ ہے۔ وہ ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ کے  ہاں دستاویزات ٹائپ کرنے کا کام کرتی ہیں۔ رواں ہفتے ہی اس پرعزم خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا (فیس بک، ٹویٹر اور وٹس ایپ) پر اتنی زیادہ وائرل ہوئی ہے کہ سابق کرکٹر وریندر سہواگ بھی اس کی طرف متوجہ ہوگئے اور اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکشمی بائی کو "سپر وومین" کا خطاب  دے دیا ۔


لکشمی بائی نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ بیٹی کے حادثے کے بعد لیے گئے قرض چکانے کے لیے میں نے یہ نوکری کی ہے کیونکہ میں بھیک نہیں مانگ سکتی۔ میں نے یہ نوکری ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ راگھویندرا سنگھ اور سب ڈیویژنل میجسٹریٹ بھوانہ ولیمبے کی مدد سے حاصل کی ہے۔"
12 جون کو وریندر سہواگ نے ٹویٹر پر لکشمی بائی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسے نوجوانوں کے لیے ایک نمونہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سیہور مدھیا پردیش کی لکشمی بائی نہ صرف اپنی ٹائپنگ کی تیز رفتاری بلکہ اپنے عزم و حوصلے کی بنا پر بھی نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہیں اور ایک "سپر وومین" سے کم نہیں۔ وریندر سہواگ کی اس پوسٹ کے بعد یہ ویڈیو اور زیادہ وائرل ہوئی۔ سابق کرکٹر کے مطابق کوئی کام چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا اور نہ ہی کوئی کام کرنے یا سیکھنے کے لیے عمر کوئی اہمیت رکھتی ہے۔

لوگوں نے اس پوسٹ کو بہت سراہا۔
لکشمی بائی کو خوشی تھی کہ وریندر سہواگ نے اس کی ویڈیو شیئر کی تھی۔مذکورہ ویڈیو سب سے پہلے ٹویٹر صارف ہتیندر سنگھ نے 10 جون کو شیئر کی جنہوں نےلکھا تھا کہ اس کی رفتار دیکھیں اور اس عمر میں جوش و جذبے سے کام کرنا دیکھیں جب زیادہ تر لوگ کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں"۔  اس پوسٹ کے بعد ہی لوگوں کی توجہ اس طرف مبذول ہوئی اور وہ لکشمی بائی کو تلاش کر کے اس کی مدد کے خواہاں ہوئے۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ لکشمی بائی کو ایک ورڈ پروسیسر تحفے میں دینے کے لیے فنڈ اکٹھا کیا جانا چاہیے تاکہ وہ زیادہ عمدگی سے اور تیز کام کر سکیں۔"

Browse Latest Weird News in Urdu