اے-سی کے بغیر گھر ٹھنڈا رکھنے کا آسان طریقہ

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 12 مئی 2016 19:16

اے-سی کے بغیر گھر ٹھنڈا رکھنے کا آسان طریقہ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 مئی۔2016ء)شدید گرمی اور لو ہمارے جسم سے ساری توانائی چھین لیتی ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیں گرمیوں کے توڑ کے لیے ائیر کنڈیشنر (اے سی) کا استعمال ناگزیر ہے، لیکن کتنے ہی ایسے گھرانے ہیں جہاں عیاشی کا یہ سامان موجود ہو، پھر ضروری بھی نہیں کہ گرمیوں کے موسم کے لیے ہر گھر میں اے سی کی ضرورت ہو، بلکہ بغیر اے سی بھی کچھ طریقے اپناکر گھر ٹھنڈا رکھنا ممکن ہے۔


وہ طریقے کونسے ہیں، آئیں اس پر بات کرتے ہیں۔
• سب سے بڑا مسئلہ چھت ہے۔ سورج کی ساری تپش چھت پر پڑرہی ہوتی ہے جس وجہ سے گھر مسلسل گرم ہورہا ہوتا ہے۔ اس لیے سب سے پہلے چھت کو ٹھنڈا کرنے کی فکر کرنی چاہیے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے گھر میں یا اگر ہوسکے تو چھت پر بودوں کا بندوبست کریں۔

(جاری ہے)

اصل میں کھاد میں گرم ہوا کو جذب کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے، یوں چھت بھی ٹھنڈی رہتی ہے اور گھر بھی۔

اس کے علاوہ جب بھی گھر میں رنگ کروائیں تو چھت پر سفید رنگ ہی کروائیں کیونکہ سفید رنگ میں بھی یہ خاصیت ہے کہ وہ گرمی کو اپنے اندر جذب کرلیتا ہے۔
• گھر میں موجود پردے یا بلائینڈز کو دن میں بند رکھیں۔ کھلی کھڑکیوں سے گرم ہوائیں گھر میں داخل ہوتی ہیں جس کی وجہ سے گھر گرم ہوجاتا ہے۔ آپ سورج غروب ہونے کے بعد کھڑکیاں کھول سکتے ہیں تاکہ ٹھنڈی ہوائیں اندر آسکیں۔


• گرمیوں میں ململ کی چادروں سے احتیاط کی جائے۔ کاٹن کی ہلکے رنگ کی چادریں استعمال کریں کیونکہ کپڑے اور رنگ سے بھی گرمیوں کا گہرا تعلق ہوتا ہے۔ ہلکے رنگ سے گرمی زیادہ پریشان نہیں کرتی۔
• کوشش کریں کہ برقی آلات کا استعمال کم سے کم کریں، اور اگر ضرورت زیادہ ہے تو استعمال کے فوری بعد بند کردیں کیونکہ ان آلات سے گرمی کا اخراج ہوتا ہے اور گرم موسم میں زیادہ پریشانی ہوتی ہے۔


• صرف گھر کو ہی نہیں بلکہ اپنے جسم کو بھی ٹھنڈا رکھنے سے گرمی کا احساس کم ہوتا ہے۔ جب بھی گھر میں ہوں تو کوشش کریں کہ شربت یا ٹھنڈے پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔
• گھر میں ایسا نظام بنائیں کہ ہوا آر پار ہوسکے، پھر دن کے وقت ایگزاسٹ فین کے استعمال سے بھی گرمی کا زور ٹوٹ سکتا ہے۔
• کیا آپ کے بچے فریج کھول کر ٹھنڈی ہوا کے حصول کے لیے اُس کے پاس کھڑے ہوتے ہیں؟ اگر جواب ہاں میں ہے تو اُن کو ایسا کرنے سے روکیں کیونکہ فریج کی مشین دروازہ کھلنے پر مزید تیزی سے کام کرتی ہے اور کمرہ مزید گرم ہوجاتا ہے۔
• گھر میں تازہ پھول رکھیں کیونکہ پھول گھر کے ماحول کو خوشگوار کردیتے ہیں اور یوں کمرے بھی ٹھنڈے رہتے ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu