سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز انٹر ڈویژن بیڈمنٹن اور والی بال کے فائنل

پیر 16 جون 2025 23:27

:لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2025ء) سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز انٹر ڈویژن بیڈمنٹن گرلز فائنل گوجرانوالہ ڈویژن اور بوائز فائنل لاہور ڈویژن نے جیت لیا جبکہ والی بال کا فائنل ساہیوال ڈویژن نے جیت لیا ہے، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری فائنل میچزکے مہمان خصوصی تھے ، انہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور تقریب تقسیم انعامات میں ڈی جی سپورٹس پنجاب نے بیڈمنٹن کے ونر اور رنر اپ ٹیموں میں 11لاکھ 20ہزار کے انعامات تقسیم کئے جبکہ والی بال کی ونر ٹیم کو7لاکھ اور رنراپ ٹیم کو4لاکھ 20ہزار روپے کے انعامات تقسیم کیے ہیں،اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم ، ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پیر کے روز جمنازیم ہال نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میںوزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز انٹرڈویژن بیڈمنٹن بوائز فائنل میں لاہور نے راولپنڈی کو 2-0سے شکست دے دی ہے ، پہلے سنگل میںلاہور کے حسین شہزاد نے راولپنڈی کے محمد ابراہیم کو 19-21، 21-17اور15-21سے شکست دی،پہلے ڈبل میں لاہور کے جنید اور ہارون نے راولپنڈی کے ابراہیم اور رافع کو 21-23اور 18-21سے ہرایا،گرلز بیڈمنٹن فائنل میں گوجرانوالہ نے بہاولپور کو 2-0سے ہرادیا،پہلے سنگل میں گوجرانوالہ کی حمنہ ارشاد نے بہاولپور کی ایمن فاطمہ کو15-21، 23-21اور 19-21سے ہرایا،پہلے ڈبل میں گوجرانوالہ کی شمع اور حمنہ نے بہاولپور کی ایمن اور مریم کو 17-21اور11-21سے شکست دی ہے، والی بال فائنل میں ساہیوال نے فیصل آباد کو 3-2سے شکست دے دی ہے، فائنل کا سکور 25-21، 18-25، 25-21، 16-25 اور 10-15رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز انٹرڈویژن بوائز ہاکی میں فیصل آباد نے ڈی جی خان کو 4-1سے شکست دے دی ہے ، فیصل آباد کی جانب سے رمیز عباس نے 2، علی مہدی اور محمد اویس نے ایک ایک گول کیاجبکہ ڈی خان کی جانب سے واحد گول منورحسین نے کیا،گوجرانوالہ اور ملتان کا میچ 2،2گول سے برابررہا ہے، گوجرانوالہ کی جانب سے دونوں گول رانا احمد اور ملتان کی جانب سے علی اکبرحبیب نے ایک ایک گول کیا، ہاکی گرلز میں ملتان نے گوجرانوالہ کو 3-0سے شکست دے دی ہے، ملتان کی جانب سے حمیرا ، عریبہ مقدس اورزیبا پروین نے ایک ایک گول کیا ہے، اسی طرح فیصل آباد نے ڈی جی خان کو 6-0سے ہرادیا ، فیصل آباد کی جانب سے دعا نے 3، ربیہ نی2جبکہ فروہ نے ایک گول کیا، وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز انٹرڈویژن کبڈی میں فیصل آباد نے ڈی جی خان کو 46-25سے شکست دے دی جبکہ گوجرانوالہ نے ملتان کو ہرایا،کبڈی میں اب تک لاہور اور فیصل آباد اپنے اپنے پول میں ٹاپ پر موجود ہیں۔

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے اس موقع پر کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز سے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے،یہی ٹیلنٹ ہم نیشنل گیمز کے لئے تیار کریں گے اور میڈلز جیت کر لائیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کے بہترین کھلاڑیوں کو انڈوومنٹ فنڈ سے سکالر شپس دیئے جائیں گے،سمر گیمز میں 75لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے جارہے ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu